امریکی میرینز میں سکھ فوجیوں کو داڑھی رکھنے کی اجازت

   

نیویارک : تین سکھ فوجیوں نے امریکی میرینز سے درخواست کی تھی کہ انہیں داڑھی منڈوانے کی لازمی شرط سے استثنٰی دیا جائے کیونکہ داڑھی رکھنا ان کے مذہب کا لازمی جزو ہے۔ عدالت میں انہوں نے اپنا مقدمہ جیت لیا۔ امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے جمعہ کے روز اپنے ایک حکم نامے میں کہا کہ امریکی میرینز سکھ رنگروٹوں کو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق داڑھی رکھنے اور پگڑی باندھنے کی اجازت دے۔ عدالت نے کہا کہ انہیں اپنے مذہبی عقیدے کے اظہار کی اجازت د ی جائے کیونکہ اس سے ان کی ذمہ داریوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے۔ کولمبیا ڈسٹرکٹ کی وفاقی اپیل کورٹ کے جج نے امریکی میرینز کے تین سکھ اہلکاروں کی طرف سے دائر کردہ ایک عرضی پر سماعت کر رہے تھے۔ انہوں نے داڑھی منڈوانے اور سر کے بال کٹوانے کے متعلق میرینز کور کے ضابطوں سے خود کو مستشنیٰ رکھنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔ یاد رہے کہ امریکی بحریہ میں سکھوں کے مذہبی جذبات کا بہت زیادہ خیال رکھا جاتا ہے۔