امریکی نیشنل وار کالج کے دفاعی ماہرین کی ریاستی وزیر سریدھر بابو سے ملاقات

   

ڈیفنس اور ایرو اسپیس شعبہ جات میں باہمی تعاون، ڈرونس اور جنگی طیاروں کی تیاری کا جائزہ
حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے امریکی سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں ایرو اسپیس ، ڈیفنس اور اسپیس جیسے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شعبہ جات میں سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ ملک میں انتہائی پسندیدہ مرکز بن چکا ہے۔ تلنگانہ نے دیگر ریاستوں کے مقابلہ زائد شرح ترقی درج کی ہے۔ سالانہ 30 فیصد شرح ترقی کے علاوہ 2024 اور 2026 کے درمیان مجموعی ترقی 103 فیصد درج کی گئی ۔ سریدھر بابو سے امریکہ کے نیشنل وار کالج کے اعلیٰ سطحی وفد نے سکریٹری میں ملاقات کی۔ وزیر نے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو تلنگانہ کے مینوفیکچرنگ اور ٹکنالوجی شعبہ میں حکومت سے اشتراک کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے ذریعہ تلنگانہ میں دفاعی شعبہ کے ادارے قائم کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ڈرونس کی تیاری ، کاؤنٹر ڈرون سسٹم اور ڈیفنس الیکٹرانکس کے شعبہ جات میں تلنگانہ کو عالمی مرکز بنانا چاہتی ہے۔ سائبر سیکوریٹی، آرٹیفشل انٹلیجنس اور سیٹلائیٹس سسٹم کے شعبہ جات میں بھی تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور ترقی کے بہتر مواقع ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ راکٹ مینوفیکچرنگ سے عصری ڈرونس اور جنگی طیاروں کی تیاری میں تلنگانہ اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ مذکورہ شعبہ جات میں نامور عالمی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن، بوئنگ ، سافران، ایر بس اور ڈسالٹ ایویئشن نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے اور دفاعی شعبہ کے اداروں ڈی آر ڈی او ، بی ایچ ای ایل ، مدھانی، بی ڈی ایل ، ایچ اے ایل اور دیگر اداروں سے اشتراک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرونس اور ڈیفنس ٹکنالوجی میں 1500 سے زائد ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عالمی سطح پر حیدرآباد رہائش کے لئے ایک موزوں شہر کا درجہ رکھتا ہے اور تلنگانہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بہت جلد دنیا کے سرمایہ کاری مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں ، یونیورسٹیز اور تحقیقی اداروں کو آر ٹیفشل انٹلیجنس ، سائبر سیکوریٹی اور اسپیس ٹکنالوجی میں باہمی اشتراک کی دعوت دی۔ امریکی ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کے منسٹر کونسلر پال نرین نے کہا کہ امریکہ تلنگانہ جیسی ترقی یافتہ ریاستوں کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے اور باہمی تعاون کو آنے والے برسوں میں مستحکم کیا جائے ۔ یو ایس نیشنل وار کالج کے وفد میں فوج ، دہریہ ، ڈیفنس سیکوریٹی ایجنسی، ڈیفنس انٹلیجنس ایجنسی ، ایر نیشنل گارڈ اور ڈیفنس انفارمیشن سسٹم ایجنسی کے نمائندے شریک تھے۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کے کارپوریشن کے ڈائرکٹر شیشانگ ڈائرکٹر انڈسٹریز نکھل چکرورتی اور ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس کے ڈائرکٹر پراوین نے تلنگانہ کی نمائندگی کی۔1/k/m/b