حیدرآباد 28 جون ( راست ) صدر نوحہ خوان و سکریٹری انجمن معصومین و سرپرست اعلیٰ مرکزی انجمن ماتمی گروہان میر حیدر علی زوار ابن میر احمد علی زوار مرحوم کا انتقال ہوگیا ۔ مرحوم کی میت اُنہی کے مکان عقب الاوہ سرطوق مبارک سے اُٹھائی گئی اور نماز جنازہ الاوہ سرطوق مبارک میں مولانا سید مقصود حسین جعفری قبلہ نے پڑھائی اور تدفین دائرہ حضرت میر مومنؒ سلطان شاہی میں عمل میں آئی۔ مرحوم ایک منفرد نوحہ خواں تھے۔ 1972ء میں انجمن معصومین کی تشکیل عمل میں آئی اور میر حیدر علی زوار 1973ء سے انجمن معصومین کے صدر نوحہ خوان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری انجام دیئے۔ مرحوم میر حیدر علی زوار، میر مختار علی زوار اور بانی انجمن معصومین میر صابر علی زوار کے برادر خرد تھے۔ صدر مرکزی انجمن ماتمی گروہان مجتبیٰ موسوی، معتمد غلام پنجتن و کوآرڈی نیٹر میر عابد علی رضوی (ارشد) نے تعزیتی بیان میں کہاکہ میر حیدر علی زوار کے انتقال سے جو خلع پیدا ہوا ہے اُس کو کبھی بھی پُر نہیں کیا جاسکتا۔