اندرا گاندھی جیسی ’’شیرنی‘‘ پھر نہ ہوگی: پرینکا گاندھی

   

نئی دہلی، 19 نومبر (یواین آئی) کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو اپنی دادی اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا اور ایک مختصر مگر محبت بھرے پیغام میں ان کی شخصیت اور سیاسی اثر و رسوخ کو یاد کیا۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سالگرہ مبارک ہو، شیرنی! آپ جیسی کوئی دوسری کبھی نہیں ہوگی۔ ان کا یہ مختصر پیغام اندرا گاندھی کے تئیں ان کی گہری عقیدت اور ستائش کا اظہار تھا۔ اندرا گاندھی کی سیاسی شخصیت عزم، اقتدار اور ہندوستانی عوامی زندگی میں ان کے بااثر کردار کے لیے جانی جاتی تھی۔ 19 نومبر 1917 کو پیدا ہونے والی اندرا گاندھی ہندوستان کی پہلی اور اب تک کی واحد خاتون وزیر اعظم تھیں۔ انہوں نے 1966 سے 1977 تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں اور 1980 میں دوبارہ اقتدار میں آئیں۔ وہ 31 اکتوبر 1984 کو اپنے قتل تک وزیر اعظم رہیں۔ ہندوستان کی سیاسی تاریخ کی اہم ترین شخصیات میں شمار ہونے والی اندرا گاندھی کے دور اقتدار میں کئی اہم واقعات پیش آئے ، جن میں پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ بھی شامل ہے۔
، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کا قیام عمل میں آیا۔ ان کی حکومت نے جون 1975 سے مارچ 1977 تک ملک میں ایمرجنسی بھی نافذ کی تھی۔ اس دور میں شہری آزادیاں معطل کردی گئی تھیں، پریس پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور اپوزیشن رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ دور آج بھی ملک میں سیاسی بحث و مباحثے کا اہم موضوع ہے ۔