حیدرآباد 22 جولائی ( سیاست نیوز ) ملک کے خلائی تحقیق ادارہ اسرو کے سابق صدر نشین ڈاکٹر کے کستوری رنگن نے کہا کہ ہندوستان کا انسانی خلائی پروگرام گگنیان اس وقت ایک فیصلہ کن مرحلہ میں پہونچ جائے گا جب اس کیلئے تیار نظام کی سلامتی اور قابل بھروسہ ہونے کا پتہ چلانے کیلئے آئندہ ایک سال میں تجرباتی پرواز کا اہتمام کیا جائیگا ۔ بی ایم برلا سائینس پرائز ایوارڈ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کستوری رنگن نے کہا کہ چاند پر انسانی مشن بھیجنے کے پروگرام کیلئے بہت کام کیا جاچکا ہے اور اگر تجرباتی پروازیں کامیاب ہوتی ہیں تو پھر ہندوستانیوں کو خلاء میں بھیجنے میں زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا ۔ آئندہ ایک دہے میں چاند پر مشن بھیجا جاسکے گا جب ہم کئی تجربات کرنے کے اہل ہوسکیں گے ۔ برلا خاندان کی جانب سے خلائی تحقیق کے کاموں میں مدد کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے نیا حوصلہ پیدا کرنے میں مدد ملی ہے ۔ اس موقع پر نوجوان سائنسدانوں کو ایوارڈز بھی پیش کئے جنہوں نے اپنے اپنے شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے ۔