لوک بھون میں ورلڈ ریڈ کراس ڈے، گورنر شیو پرتاپ شکلا کا خطاب
حیدرآباد ۔8۔ مئی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے کہا کہ ہر شخص کو انسانیت کی خدمت کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرتے ہوئے زندگی کا مقصد بنانا چاہئے تاکہ دوسروں کی مدد کے ذریعہ خوشحالی کو عام کیا جاسکے۔ شیو پرتاپ شکلا جو انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے صدر بھی ہیں لوک بھون میں ریڈ کراس سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ورلڈ ریڈ کراس ڈے اور ورلڈ تھلیسیمیا ڈے کے ضمن میں یہ تقریب منعقد کی گئی۔ گورنر نے ریڈ کراس تحریک کے بانی ہینری ڈوننٹ کو خراج عقیدت پیش کیا اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ گورنر نے خون کے عطیہ دہندگان میں سرٹیفکٹ تقسیم کئے۔ گورنر نے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں میں نیوٹریشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لئے ہم تمام کو متحدہ طور پر ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس سوسائٹی 1920 سے تلنگائنہ کے تمام اضلاع میں خدمات انجام دے رہی ہے اور اس کے ہزاروں ارکان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ ڈونیشن مہم کے علاوہ ہیلت کیمپس اور آفات سماوی کے موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی نمایاں کام کرتی ہے۔گورنر نے تھیلیسیما کے مرض کا جرأت سے مقابلہ کرنے والے بچوں کی ستائش کی ۔ اور کہا کہ ایسے بچوں کے والدین اور سرپرستوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے جو خاموش ہیروز کی طرح اس مرض کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک ذمہ داری کی طرح ہے اور ہر شخص کی زندگی میں خدمت کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ریڈ کراس سوسائّی کے فلاحی کاموں میں شامل ہوں۔ گورنر کے اسپیشل سکریٹری دانا کشور نے کہا کہ گورنر کی ذمہ داری سنبھالنے کے فوری بعد شیو پرتاپ شکلا نے ریڈ کراس سوسائٹی کے استحکام پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ 15 مئی تا 15 جون ممبرشپ مہم چلائی جائے گی۔ اس موقع پر کرشنا سائی انٹرنیشنل چیریٹیبل ٹرسٹ نے ریڈ کراس سوسائٹی کیلئے چار لاکھ روپئے کا امدادی چیک حوالے کیا۔ 1/k