انمول بشنوئی کو ہندوستان لانے کی کارروائی شروع

   

امریکہ نے موجودگی سے ہندوستان کو مطلع کیا
ممبئی : ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے بدنام زمانہ گینگسٹر لارینس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کو امریکہ سے ہندوستان لانے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ انمول بشنوئی اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیس میں ملوث ہے ۔ وہ فی الحال امریکہ میں مقیم ہے ۔ مہاراشٹرا کاٹرول برائے منظم جرائم قانون ( مکوکا ) کی ایک خصوصی عدالت نے انمول بشنوئی کی گرفتاری کیلئے ناقبال ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ کی کارروائی کی تکمیل کیلئے کچھ عدالتی دستاویزات کا انتظار ہے جس کے بعد مرکزی حکومت کو مزید کارروائی کیلئے رسمی درخواست روانہ کی جائے گی ۔ ذرائع نے کہا کہ انمول بشنوئی کی تلاش کیلئے ایک ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کی گئی ہے ۔ کرائم برانچ نے یہ کارروائی ایسے وقت شروع کی ہے جب امریکہ نے ہندوستان کو انمول بشنوئی کی موجودگی کے تعلق سے مطلع کیا ۔ پہلے سمجھا جا رہا تھا کہ انمول کینیڈا میں مقیمہ ے ۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے انمول بشنوئی کا نام بھی انتہائی مطلوب مجرمین کی فہرست میں گذشتہ مہینے شامل کیا ہے ۔ اس کی گرفتاری کیلئے 10 لاکھ روپئے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔