انٹر میڈیٹ امتحانی پرچہ جات کی ڈیجیٹلائز جانچ کی تجویز

   

پرچوں کی جانچ میں شفافیت کیلئے حکومت کو تجاویز پیش
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے پرچہ جات کی جانچ کیلئے روایتی طریقہ کار کے بجائے ڈیجیٹلائز جانچ کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو تجویز روانہ کی گئی۔ ڈیجیٹلائز جانچ کے نتیجہ میں خامیوں کے امکانات کم رہتے ہیں۔ فی الوقت جوابی پرچہ جات کی جانچ شخصی طور پر ماہرین کے ذریعہ کرائی جاتی ہے۔ نئے طریقہ کار کی منظوری کی صورت میں اسکیان کئے ہوئے جوابی پرچہ جات جانچ کرنے والوں کو روانہ کئے جائیں گے جس کے تحت طلبہ کی تفصیلات بارکوڈ کے تحت رہیں گی۔ جانچ کرنے والوں کے ہر مضمون کے نشانات سافٹ ویر میں درج کرنا ہوگا۔ نئے طریقہ کار سے نشانات کی جانچ میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ نتائج جلد جاری کئے جاسکیں گے۔ نئے طریقہ کار کو رائج کرنے کی صورت میں ٹیچرس کو سہولت رہے گی کہ وہ جانچ کردہ پرچہ جات پر از سر نو نظرِ ثانی کریں۔ طلبہ کو نتیجہ کے اعلان کے چند گھنٹوں میں جوابی اسکرپٹ فراہم کردی جائے گی جس کے سبب وہ نشانات کی دوبارہ جانچ، پرچہ کی مکمل جانچ یا سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کا فیصلہ کرپائیں گے۔ ڈیجیٹلائز جانچ کے نتیجہ میں شفافیت پیدا ہوسکتی ہے تاہم لاکھوں پرچہ جات کو اسکیان کرنا بورڈ آف انٹر میڈیٹ کیلئے چیلنج سے کم نہیں رہے گا۔ نئے طریقہ کار کیلئے ملازمین کو خصوصی ٹریننگ کی ضرورت پڑے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن مرحلہ وار طور پر نئے سسٹم کو اختیار کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سسٹم کو فرسٹ یا سیکنڈ ایئر میں کسی ایک اسٹریم کیلئے استعمال کیا جائے گا بعد میں اسے تمام مضامین تک توسیع دی جائے گی۔ر