انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان ۔ لڑکیوں کو لڑکوں پر غیر معمولی سبقت

,

   

فرسٹ ایئر میں 63.32 اور سیکنڈ ایئر میں 67.16 فیصد امیدوار کامیاب: ملکاجگری پہلے اور میدک آخری مقام پر
حیدرآباد۔/28 جون،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ کے نتائج جاری کردیئے گئے اور دونوں میں لڑکیوں کو سبقت حاصل رہی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل ( آئی اے ایس) اور دیگر کی موجودگی میں نتائج جاری کئے۔ فرسٹ ایئر میں مجموعی نتیجہ 63.23 فیصد رہا جبکہ سیکنڈ ایئر میں 67.16 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ انٹر امتحانات مئی 2022 میں 9.07 لاکھ امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ 1443 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پرچوں کی جانچ کیلئے 15 اسپاٹ ویلویشن سنٹرس میں 15 ہزار لیکچررس کی خدمات لی گئی تھیں۔ امتحانات کا انعقاد اور پرچہ جات کی جانچ شفافیت کے ساتھ کی گئی ہے۔ فرسٹ ایئر میں جنرل اور ووکیشنل کے بشمول 464892 امیدواروں نے حصہ لیا۔A گریڈ یعنی 75 فیصد نشانات پانے والے امیدواروں کی تعداد 193925 ہے جبکہ 60 فیصد یعنی B گریڈ میں 63501 امیدوار کامیاب رہے۔ 24747 امیدوار C گریڈ جبکہ 12205 امیدوار D گریڈ سے کامیاب رہے۔ مجموعی طور پر 4 گریڈز میں کامیاب امیدواروں کی تعداد 294378 ہے۔ فرسٹ ایئر میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 72.33 رہا جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 54.25 فیصد درج کیا گیا۔ 17 طلباء نقل نویسی میں بک کئے گئے جبکہ 16 امیدواروں کا نتیجہ مختلف وجوہات کے سبب روک دیا گیا۔ سیکنڈ ایئر امتحانات میں ریگولر اور پرائیویٹ کے جنرل اور ووکیشنل امیدواروں کی جملہ تعداد 442895 رہی جن میں سے 297458 امیدوار کامیاب رہے جو 67.16 فیصد ہے۔ A گریڈ میں 159432 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ B گریڈ سے 82501 ، C گریڈ 35829 ، D گریڈ 18243 اور کمپارٹمنٹل میں 1453 امیدوار کامیاب رہے۔ سیکنڈ ایئر میں لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 75.28 رہا جبکہ 59.21 فیصد لڑکوں نے کامیابی حاصل کی۔ سیکنڈ ایئر کے 58 امیدواروں کو نقل نویسی میں بک کیا گیا اور 46 امیدواروں کا نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ ایم پی سی کے تحت فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کا نتیجہ علی الترتیب 76.3 اور 79.6 فیصد رہا۔ بی پی سی میں 71.9 فیصد اور سیکنڈ ایئر میں 75.3 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ سی ای سی زمرہ میں فرسٹ ایئر میں 44.4 اور سیکنڈ ایئر میں 47.7 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ گزشتہ 5 برسوں میں انٹر نتائج اوسطاً 64 تا 69 فیصد درج کئے گئے ۔ نتائج کے سلسلہ میں امیدوار بورڈ کے ہیلپ ڈیسک سے ای میل یا فون نمبرات کے ذریعہ ربط کرسکتے ہیں۔ طلبہ کی کونسلنگ کیلئے 9 ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کالجس کے پرنسپل شارٹ میمو آن لائن ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ امیدوار بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی ویب سائیٹ سے شارٹ میمو کا کلر پرنٹ آؤٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ نشانات کی دوبارہ گنتی اور پرچوں کی دوبارہ جانچ کی سہولت ہے۔ امیدواروں کو نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے فی پرچہ 100 روپئے جبکہ پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے فی پرچہ 600 روپئے فیس آن لائن ادا کرنی ہوگی۔ بورڈ کی ویب سائیٹ پر 30 جون تا 6 جولائی فیس داخل کی جاسکتی ہے۔ 6 جولائی کے بعد آن لائن سرویس منقطع کردی جائیگی۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ ناکام امیدواروں کیلئے اڈوانسڈ سپلیمنٹری تھیوری امتحانات یکم اگسٹ تا 10 اگسٹ دو سیشن میں جبکہ پریکٹیکل امتحان 26 جولائی تا 30 جولائی ہونگے۔ امیدوار اڈوانسڈ سپلیمنٹری کی فیس متعلقہ کالجس پر 30 جون تا 6 جولائی داخل کرسکتے ہیں۔ فرسٹ ایئر نتائج میں میڑچل ملکاجگری ضلع علی الترتیب 76 اور78 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔ فرسٹ ایئر میں ہنمکنڈہ 74 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ سیکنڈ ایئر میں آصف آباد نے 77 فیصد نتائج کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر میں 40 فیصد اور 47 فیصد کے ساتھ میدک آخری نمبر پر رہا۔ر