بھوپال، 17 ستمبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی ڈگ وجے سنگھ اور اوما بھارتی کے درمیان 2003 سے جاری ہتک عزت کے معاملے میں بھوپال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں جمعرات کو سماعت ہوئی، اوما بھارتی کا بیان اسپیشل جج کمار ویجا کی عدالت میں ریکارڈ ہونا تھا، لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں۔اوما بھارتی کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔ عدالت نے درخواست قبول کرتے ہوئے اوما بھارتی کو ذاتی حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اوما بھارتی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے اگلی طے شدہ تاریخ کو عدالت میں حاضر ہوں۔ کیس کی اگلی سماعت کی تاریخ بھی مقرر کر دی گئی ہے ۔2003 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ڈگ وجے سنگھ نے اوما بھارتی کے خلاف مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیاتھا۔
یہ معاملہ انتخابی مہم کے دوران دگ وجے سنگھ کے خلاف اوما بھارتی کی جانب سے لگائے گئے مبینہ الزامات سے پیدا ہوا ہے ۔ تقریباً 23 سال سے زیر التوا یہ مقدمہ اب آخری مراحل میں ہے ۔ اوما بھارتی کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد مزید عدالتی کارروائی مکمل ہونے کی امید ہے ۔