آئندہ ماہ سے وقف بورڈ جائیدادوں کے کرایوں کی آن لائن وصولی

   

حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی آمدنی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور آئندہ ماہ کے اوائل سے وقف بورڈ کی جائیدادوں کے کرایہ داروں کو نقد رقم کے ذریعہ کرایہ کی ادائیگی کی سہولت نہیں رہے گی بلکہ انہیں وقف بورڈ کو ماہانہ کرایہ آن لائن ادائیگی کے ذریعہ کرنا ہوگا ۔وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے انسپکٹر آڈیٹرس اب کرایہ داروں سے کرایہ وصول نہیں کرپائیں گے کیونکہ وقف بورڈ نے آن لائن کرایہ کی وصولی اور پے منٹ گیٹ وے تیار کرلئے ہیں۔ گذشتہ 6ماہ کے دوران وقف بورڈ کی آمدنی میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور تفصیلات کے مطابق کرایہ کے بقایاجات کی وصولی کے لئے چلائی گئی مہم کے دوران 3.5 کروڑ روپئے وصول کئے جاچکے ہیں اور آئندہ 6ماہ کے دوران بورڈ نے کرایہ کی آمدنی میں مزید اضافہ کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اوربتایاجاتا ہے کہ وقف بورڈ جائیدادوں کے تحفظ اور ان کے درست استعمال کے علاوہ دیگر امور کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کرے گا۔صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے انچارج چیف ایگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب شاہنواز قاسم کی نگرانی میں کرایہ کی وصولی کے علاوہ وقف بورڈ کے امور کو آن لائن کرنے کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کی کارکردگی کو شفاف بنانے کے لئے ایسے اقدامات کا منصوبہ ہے جو کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوں گے۔وقف بورڈ میں خدمات کو آن لائن کئے جانے کے سلسلہ میں جناب شاہنواز قاسم نے بتایا کہ وقف بورڈ میں خدمات کو بہتر کرنے اور شفافیت کے علاوہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے کے لئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔م