آج دو مقابلے۔ کولکاتا ، بنگلور ، دہلی ، پنجاب مصروف

   

چینائی ؍ ممبئی : انڈین پریمئر لیگ میں اتوار کو کرکٹ کے شائقین کے لئے دوہرا مزہ رہے گا جب چینائی میں کے کے آر اور آر سی بی نیز ممبئی میں بی سی اور پی کے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی اِس مرتبہ آئی پی ایل مہم پٹری سے ہٹی ہوئی ہے اور وہ بے قرار ہوں گے کہ ٹیبل ٹاپرس رائل چیالنجرس بنگلور کے خلاف وہ جیت کا سلسلہ شروع کریں۔ یہ میاچ سفید گیند کے دنیا کے دو بہترین کپتانوں اوئن مورگن اور ویراٹ کوہلی کے درمیان مسابقت کا عکاس ہونے کا امکان ہے۔ ورلڈکپ جیتنے والے انگلش کیپٹن مورگن کولکاتا کو جیت کی راہ پر واپس لانے بے چین ہوں گے۔ گزشتہ میچ میں اُن کی ٹیم ممبئی انڈینس کے خلاف مڈل آرڈر کی روایتی ناکامی کے سبب شکست کھاگئی تھی۔ دو سیزن میں معمولی مظاہروں کے بعد کولکاتا کی ٹیم نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اچھے پرفارمنس کے ساتھ شروعات کی تھی لیکن وہ اپنے قدیم کٹر حریف ممبئی انڈینس کے خلاف بُری طرح ناکام ہوگئے اور 13 میچوں میں اُن کی بارہویں شکست درج ہوئی۔ دوسری طرف بنگلور میں کوہلی اپنے اسٹار بیٹسمنوں اے بی ڈی ویلئرس اور گلین میکس ویل کے ساتھ باصلاحیت نوجوان ڈی پڈیکل کو ساتھ لے کر ایک اور کامیاب مظاہرہ پیش کرنا چاہیں گے۔ دن کا دیگر مقابلہ ممبئی میں دہلی کیپٹلس اور پنجاب کنگس کے درمیان ہوگا۔ دہلی کے کپتان ریشب پنتھ اور پنجاب کے کیپٹن لوکیش راہول دونوں ہی نوجوان کھلاڑی ہیں اور اپنی اپنی ٹیم کو جتوانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔ اِس لئے ممبئی میں بھی اتوار کی شام زبردست ٹی 20 کرکٹ کامپٹیشن یقینی معلوم ہوتا ہے۔