وائیٹ پیپرکی پیشکشی کے فوری بعد مباحث سے گریز
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے معاشی صورتحال پر وائیٹ پیپر کی پیشکشی کے ساتھ ہی مباحث کے آغاز پر اعتراض جتایا۔ بی آر ایس، مجلس اور سی پی آئی ارکان نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وائیٹ پیپر جو 40 صفحات پر مشتمل ہے اس کے مطالعہ کیلئے ارکان کو وقت دیا جائے۔ وائیٹ پیپر کی پیشکشی کے ساتھ ہی مباحث کے آغاز سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ بی آر ایس رکن ہریش راؤ نے اسپیکر سے خواہش کی کہ مباحث کے آغاز سے قبل وقفہ کا اعلان کیا جائے۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے کہا کہ فوری طور پر مباحث میں حصہ لینا ممکن نہیں ہے لہذا کم از کم ایک گھنٹہ کا ٹی۔ بریک دیا جائے تاکہ ارکان مطالعہ کے بعد ثمر آور بحث کرسکیں۔ سی پی آئی رکن سامبا سیوا راؤ نے ان کی تائید کی اور کہا کہ وائیٹ پیپر پر مباحث کیلئے کم از کم ایک دن کا وقت چاہیئے۔ وزیر امور مقننہ سریدھر بابو نے تجویز سے اتفاق کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی منظوری سے اسپیکر کو وقفہ کا اعلان کرنے کی خواہش کی۔ اسپیکر پرساد کمار نے 30 منٹ کے ٹی ۔ بریک کا اعلان کیا لیکن اسمبلی کی کارروائی 45 منٹ کے بعد شروع ہوئی۔ر