اڈیشہ کابینہ کی بین ریاستی ندی جوڑو پراجکٹ کو منظوری

   

بھونیشور۔ 11 اکتوبر (یو این آئی) اڈیشہ حکومت نے 1,790 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے ساتھ ’’اڈیشہ بین ریاستی ندی جوڑو اسکیم‘‘کو منظوری دے دی ہے ۔ ریاست کے چیف سکریٹری منوج آہوجا نے بتایا کہ یہ پراجکٹ 2025-26 سے 2029-30 تک پانچ برسوں کی مدت میں نافذ کیا جائے گا۔ اس اسکیم کا مقصد زیادہ پانی والی دریا گھاٹیوں کو پانی کی قلت والے علاقوں سے جوڑ کر بین ریاستی سطح پر پانی کی تقسیم کو متوازن بنانا ہے ۔ آہوجا نے کہا کہ آب وہوا کی تبدیلی ایک سنگین عالمی چیلنج بن کر ابھری ہے ، جس کے باعث مانسون کی بارش کے وقت، دورانیے اور شدت میں غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو رہی ہے ۔ یہ غیر یقینی صورتحال انسانی معاشرہ کیلئے پانی سے متعلق سنگین مسائل پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان مسائل کے حل کیلئے ریاستی حکومت نے اڈیشہ میں نئی’بین ریاستی ندی جوڑو اسکیم‘ نافذ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ حکومت کو امید ہے کہ یہ منصوبہ چھ بڑی ذیلی اسکیموں کے ذریعہ خشک سالی سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری، اضافی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا کرنے ، سیلاب کے خطرات کم کرنے اور زرعی پیداواریت میں اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔