محمد زبیر و مجتبیٰ آصف اور سمیع اللہ خاں کی مہم کارگرد ثابت
حیدرآباد۔6۔جون(سیاست نیوز) اہانت رسولﷺ کے معاملہ میں مسلم دنیا اور عرب دنیا کے ردعمل پر بوکھلاہٹ کا شکار بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے ترجمان کو نہ صرف پارٹی سے معطل کردیا بلکہ قطر‘ ایران‘کویت میں جہاں ہندستانی سفیروں کو طلب کیا گیا تھا ان سفراء نے ان بی جے پی ترجمان کو شہرت کے بھکے اور حاشیہ بردار عناصر قرار دیتے ہوئے اس کا تعلق حکومت سے نہ ہونے کا دعویٰ کیا۔نبی اکرمﷺ کی شان میں کی گئی ٹیلی ویژن مباحثہ کے دوران گستاخی کے بعد altnews ویب سائٹ کے بانی محمد زبیر نے ٹائمس ناؤ اور نوپور شرما کے خلاف ٹوئیٹر کے ذریعہ مہم شروع کی تھی جس کے نتیجہ میں اندرون 10یوم یہ نتائج منظر عام پر آئے ہیں کہ دنیا کے 57مسلم ممالک کی جانب سے ہندستان میں جاری مخالف اقلیت اور مخالف مسلم ماحول کی مذمت کی جانے لگی ہے۔ محمد زبیر نے 2017 میں پرتیک سنہا کے ساتھ مشترکہ پراجکٹ altnews شروع کیا تھا تاکہ گودی میڈیا پر پھیلائے جانے والے جھوٹ کا پردہ فاش کیا جائے اور اس ویب سائٹ کے ذریعہ بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کے علاوہ ان خبروں کی سچائی کو جانچتے ہوئے منظر عام پر لایا جاتا ہے جن خبروں کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے آئی ٹی سیل کی جانب سے پھیلانے کی کوشش کی جا تی ہے۔ نوپور شرما کی جانب سے شان رسالتﷺ میں کی جانے والی گستاخی کے مسئلہ کو عالمی فورم پر محمد زبیر نے جس انداز میں اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ نبی اکرمﷺ کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف ٹوئیٹر پر منظم انداز میں مہم چلانے والوں میں محمد زبیر کے علاوہ نوجوان صحافی و کالم نگارمجتبیٰ آصف اور سمیع اللہ خان بھی شامل ہیں جنہوں نے عالم اسلام کی توجہ اہانت رسولﷺ کی جانب مبذول کرواتے ہوئے ان کے جذبہ حب رسول ﷺ کو للکارا جس کے نتیجہ میں دنیا کے بیشتر عرب ممالک میں ہندستانی مصنوعات کا بائیکاٹ شروع ہونے کے ساتھ ہی حکومت نے اس مسئلہ کا حل تلاش کرنا شروع کردیا تھا لیکن دو یوم قبل جب مفتی اعظم عمان کی جانب سے ہندستانی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی اس کے ساتھ ہی قطر‘ کویت اور ایران نے ہندستانی سفراء کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے شان رسالت ﷺ میں گستاخی پر شدید احتجاج کیا اور اس کے بعد سعودی عرب کی جانب سے بھی گستاخی کی سرکاری طور پر مذمت کی گئی علاوہ ازیںامام حرم کعبہ و صدر امور حرمین شریفین الشیخ عبدالرحمن السدیس نے بھی اہانت کے واقعہ کی شدید مذمت کی ۔ ہندستان میں بھارتیہ جنتا پارٹی ترجمان کی جانب سے بین الاقوامی چیانل پر کی گئی گستاخی پر محمد زبیر ‘ سمیع اللہ خان اور مجتبیٰ آصف نے جو مہم چلائی ہے اس کے لئے ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کی جانی چاہئے کیونکہ ان کی کوششوں کا نتیجہ ہی ہے کہ عالمی برادری نے ہندستان میں پیدا ہونے والے حالات پر توجہ دینی شروع کی ہے۔م