ایران معاملہ پر ہندوستان کی خاموشی شرمناک ‘ ثالثی کا موقع گنوادیا گیا کے نارائنا

   

حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ایک قومی قائد ڈاکٹر کے نارائنا نے وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے معاملہ پر ہندوستان کی خاموشی ملک کیلئے شرمناک ہے۔ انہوں نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے باوجود ہندوستان کا اس حساس مسئلہ پر خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی شرمناک بات ہے جبکہ معصوم شہری اور بچے جنگ کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا یہی ہندوستان کی خارجہ پالیسی ہے کہ ایسے نازک وقت پر کوئی واضح موقف نہ اپنایا جائے۔ کے نارائنا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی دنیا بھر کے دورے کرتے ہیں لیکن ایسے موقع پر جب جنگ کو روکنے کیلئے سفارتی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہو ، ہندوستان آگے نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قیادت کی ناکامی ہے کہ ملک ایک اہم موقع پر ثالثی کا کردار ادا کرنے سے قاصر رہا ہے۔ نارائنا نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ہندوستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل تھا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستانی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا لیکن اب وہ مقام نظر نہیں آرہا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے حالات میں ہندوستان کو فعل کردار ادا کرتے ہوئے امن کے قیام کے لئے کوشش کرنی چاہئے تھی لیکن موجودہ خاموشی سے ملک کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔2/k/k