ایران نے حملے کر کے گستاخی کی ہے، ہم اسرائیل کے ساتھ ہیں: امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی فوج کو حکم دے دیا ہے کہ وہ ایرانی حملوں کے خلاف اسرائیل کی دفاعی مدد کرے۔ وائٹ ہاوس کے مطابق، جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کو براہ راست دیکھا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بائیڈن نے اپنی فوج کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ایران کے حملوں کے خلاف اسرائیل کو ہر ممکن دفاعی مدد فراہم کی جائے۔ بعد ازاں جو بائیڈن نے وائٹ ہاوس میں اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران ایران کے حملوں کو گستاخانہ قرار دیتیہوئے بتایا کہ اسرائیل نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا ہے ،امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت کا یقین رکھتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی اس حوالے سے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر200 سو سے زائد میزائل داغے ہیں جو کہ ناقابل قبول اور مذمتی کاروائی ہے، اسرائیل نے امریکہ اور دیگر حلیف ممالک کی مدد سے ان حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی اسرائیلی ہم منصب یاو گالانٹ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ پینٹاگون نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس بات چیت میں آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب کو یقین دلایا کہ ایران سے در پیش خطرات کے باعث امریکہ خطے میں اپنی عسکری استعداد میں خاطر خواہ اضافہ کر رہا ہے، اسرائیل مطمئن رہے ایران اور اس کے اتحادی گروپوںسے درپیش خطرات کے پیش نظر امریکی فوج اور ہماری دیگر اتحادی قوتیں اسرائیلی کے دفاع میں پیش پیش ہیں۔آسٹن نے مزید کہا کہ ہم خطے میں جاری کشیدگی کو بڑھاوا دینے کی ہر کوشش ناکام بنانا چاہتے ہیں۔