تہران : ایران نے اعلان کیا کہ پورے ملک میں پروازیں مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان جعفر یازرلو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے حملے کے بعد اگلے نوٹس تک ملک بھر میں پروازیں معطل کر دی گئی تھیں جنہیں صبح 09 بجے سے بحال کر دیا گیا ہے۔ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر میزائل حملے کیے تھے۔ تل ابیب انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے اس حملے کا جواب دے گا۔ایرانی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے دارالحکومت تہران کے مغرب اور جنوب مغرب میں کچھ فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے بھی ایران میں فوجی اہداف پر حملہ کرنے کا بیان جاری کیا ہے۔حملوں کے چند گھنٹوں بعد تہران میں ایک بار پھر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ یہ آوازیں تہران کے مشرق سے آئی ہیں ، جن کا تعلق اسرائیل کے حملے کے خلاف فضائی دفاعی نظام سے داغے گئے میزائلوں سے ہے اور فوجی تنصیبات نشانہ نہیں بنیں۔ان حملوں کے بعد ایران نے اعلان کیا کہ اس نے اپنی فضائی حدود کو اگلی اطلاع تک بند کر دیا ہے۔ایران کے ایمرجنسی سینٹر نے بتایا ہے کہ حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی بعض عسکری تنصیبات پر حملہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔