سنگاریڈی میں وائس چیرمین بلدیہ حافظ شیخ شفیع کا دورہ، عوام سے ملاقات، فارم خانہ پوری کا جائزہ
سنگاریڈی۔ 30 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویڑن (SIR) مہم کے سلسلہ میں بلدیہ سنگاریڈی وائس چیرمین جناب حافظ شیخ شفیع نے بلدی وارڈ نمبر 24 اور 26 کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے براہِ راست ملاقات کرتے ہوئے ایس آئی آر فارم کی خانہ پری کے عمل کا جائزہ لیا، شہریوں کی رہنمائی کی اور ووٹر لسٹ کی نظرثانی سے متعلق ان کے شبہات اور سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیے۔اس موقع پر حافظ شیخ شفیع نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی کی ہدایت پر حلقہ اسمبلی کے تمام پولنگ بوتھس پر کانگریس پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) پوری طرح متحرک ہیں۔ وہ متعلقہ بی ایل اوز کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے عوام کو ایس آئی آر فارم درست طریقہ سے بھرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی اولین ترجیح یہ ہے کہ حلقہ اسمبلی کا کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔ ووٹر لسٹ کی درستگی کے عمل کے دوران کسی بھی اہل ووٹر کا نام بلاوجہ خارج نہ ہو، اس کے لیے پارٹی کارکنان مسلسل عوام کے درمیان موجود رہ کر تعاون کر رہے ہیں۔ حافظ شیخ شفیع نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی بے بنیاد خدشات پر توجہ نہ دیں۔ اگر کسی شہری کو فارم بھرنے، مطلوبہ دستاویزات جمع کرنے یا ووٹر لسٹ سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجھک ان سے، اپنے متعلقہ بی ایل او یا اپنے وارڈ کونسلر سے رابطہ کریں۔ متعلقہ حکام اور عوامی نمائندے ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔