ایشیائی تاج ،ہندوستان کاآج تھائی لینڈ کے خلاف افتتاحی مقابلہ

   

نئی دہلی، 29 اگست (آئی اے این ایس) ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم 2024 کی خود اعتمادی سے پیدا ہونے والی غفلت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشیا کپ کا تاج دوبارہ اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کا آغاز جمعہ کو ہوگیا، جہاں افتتاحی مقابلے میں تھائی لینڈ نے ہانگ کانگ کو شکست دی۔ ٹورنمنٹ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہندوستان اتوارکو تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ہندوستان ایشیاکپ میں ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ مرحلے سے مسلسل دوسری مرتبہ باہر ہونے کے بعد ٹورنمنٹ میں داخل ہو رہا ہے، اگرچہ اس کے نام ونڈے ورلڈکپ کا خطاب بھی ہے۔ ٹیم میں بڑی حد تک وہی کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے رواں سال انگلینڈ میں ٹی20 ورلڈکپ کھیلا تھا۔ تاہم یستیکا بھاٹیہ، فٹنس مسائل سے دوچار شری ینکا پاٹل اور ہیمسٹرنگ انجری کا شکار جمائمہ روڈریگز اس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔جمائمہ روڈریگز کے متبادل کے طور پر پرتیکا راول کو پہلی مرتبہ ٹی20 کے لیے ایشیا کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن تھا کیونکہ پرتیکا نے آخری مرتبہ نومبر 2024 میں ٹی20 میچ کھیلا تھا۔ ہندوستان نے یستیکا کو اسکواڈ سے باہر کردیا ہے، جبکہ لیگ اسپنر پریما راوت نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ پریما نے ورلڈکپ میں شری ینکا کی جگہ ٹیم میں شمولیت اختیارکی تھی۔ بولنگ کا شعبہ تقریباً وہی ہے، جہاں رینوکا سنگھ کی قیادت میں فاسٹ بولنگ اٹیک میں اروندھتی ریڈی، کرانتی گاؤڈ اور نندنی شرما شامل ہیں۔ ہندوستانی پیس اٹیک حریف ٹیموں پر اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔ اسپن شعبے میں رادھا یادو، دیپتی شرما اور شری چارنی موجود ہیں۔ دوسری جانب ویشنووی شرما، پوجا وستراکر اور آشا شوبھنا اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہیں۔ سب کی نظریں ہندوستان کی پلیئنگ الیون پر بھی ہوں گی، خصوصاً اس بات پرکہ جمائمہ روڈریگز کی جگہ کس کھلاڑی کو موقع دیا جاتا ہے۔ تھائی لینڈ کے خلاف مقابلہ ہندوستان کی ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے سوچ کی ایک جھلک بھی پیش کرسکتا ہے۔ اسمرتی مندھانا اور شفالی ورما کے اننگز کا آغاز کرنے کا امکان ہے، جبکہ نمبر 3 کے لیے پرتیکا راول اور جی کمالنی کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے۔ ہرمن پریت کور، دیپتی شرما، رچا گھوش اور بھارتی فلمالی مڈل آرڈرکا حصہ بن سکتی ہیں۔ فاسٹ بولروں میں سے کسی کو منتخب کرنے کے حوالے سے بھی مقابلہ ہوگا۔ دوسری جانب تھائی لینڈ کی ٹیم بھرپور اعتماد کے ساتھ ٹورنمنٹ میں داخل ہوئی ہے۔ اس نے جون میں ویمنز پریمیئرکپ کے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا اور ایشیا کپ کا آغاز بھی کامیابی کے ساتھ کیا ہے۔ اسپنر تھپچا پتھاونگ تھائی لینڈ کے بولنگ اٹیک کا اہم ستون ہیں۔