سرینگر: فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں کامیاب قرار دئے گئے اُمیدواروں نے سری نگر اور جموں میں چھٹے روز بھی احتجاجی مظاہرئے کئے ۔بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پیر کے روز بتایا کہ معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہے اور ملوثین کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔یو این آئی اردو نامہ نگار نے بتایا کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امیدواروں نے منگل کو چھٹے روز بھی سری نگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرئے کئے ۔مظاہرین نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے ٹویٹ تو سامنے آیا ہے لیکن کس کے خلاف کارروائی ہوگی یہ نہیں بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے دھاندلیاں کیں ہیں اُن کے خلاف ہی کارروائی عمل میں لائی جائے نہ کہ سبھی امیدواروں کو اس کی سزا دی جائے ۔اُن کے مطابق پچھلے پانچ سال سے طلبا امتحانات کی تیاری کر رہے تھے لیکن اب یہ کہا جارہا ہے کہ سلیکشن لسٹ کو ہی منسوخ کیا جائے جو سراسر نا انصافی ہے۔