ایل بی نگر حدود میں پولیس کا فلیگ مارچ

   

بیانڈ کے ساتھ مارچ ، عوام میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش ، سنپریت سنگھ
حیدرآباد :۔ شہر کے نواحی علاقوں میں انتخابات کے پیش نظر پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ۔ ڈی جی پی کی ہدایت کے بعد رچہ کنڈہ پولیس نے غیر معمولی انتظامات کو اہمیت دیتے ہوئے حالات پر سخت نظر رکھنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ آج اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر سنپریت سنگھ کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا گیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس کے پلاٹونس ، ہیڈکوارٹر پولیس ، اور گھوڑ سوار پولیس کی مدد سے لا اینڈ آرڈر پولیس نے مارچ کیا ۔ تقریبا 210 پولیس ملازمین نے اس فلیگ مارچ میں حصہ لیا ۔ جو 6 کیلو میٹر طویل رہا ۔ بیانڈ کے ساتھ عوام میں اعتماد کو بحال کرتے ہوئے فلیگ مارچ کیا گیا اور تین پولیس اسٹیشن حدود ، ایل بی نگر ، چیتنیہ پوری اور سرور نگر میں فلیگ مارچ جاری تھا ۔ ان علاقوں میں 5 بلدی ڈیویژن کا پولیس نے احاطہ کیا اور عوام میں شعور بیدار کیا گیا ۔ جمہوریت میں ووٹ کی اہمیت اور حق رائے دہی کو استعمال کرنے کی افادیت سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ۔ پولیس نے فلیگ مارچ کے دوران بے خوف ہو کر حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی شہریوں کو تلقین کی اور کہا کہ شہری اطمینان اور پر سکون انداز میں زندگی بسر کریں۔ سماج میں بے چینی اور خوف پیدا کرنے والوں کو پولیس سخت سزا دے گی ۔۔