ایل پی جی بکنگ کیلئے فوری بی اے اے پر زور

   

یکم اکتوبر سے ڈھائی کروڑ صارفین کیلئے مشکلات کا اندیشہ

نئی دہلی ۔20؍ستمبر ( ایجنسیز) یکم ؍ اکتوبر سے LPG بکنگ کو لیکر کچھ تبدیلی کی جا رہی ہے خاص طور پر سبسڈی لینے والے صارفین کیلئے نئے قوانین نافذ کیے جارہے ہیں۔ یکم اکتوبر 2026 سے سبسڈی والے گھریلو LPG سلنڈر کی بکنگ کے لیے Aadhaar Biometric Authentication (BAA) مکمل ہونا ضروری ہوگا۔ حکومت کے مطابق، ملک میں فعال گھریلو LPG صارفین میں سے 27.43 کروڑ یعنی 89.9 فیصد صارفین پہلے ہی بایومیٹرک آدھار Authentication مکمل کر چکے ہیں۔ ان صارفین کو دوبارہ کوئی عمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ان کی LPG بکنگ پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ جن صارفین نے پہلے ہی اپنی بایومیٹرک کارروائی مکمل کر لی ہے ان کے لیے LPG بکنگ کرنا اور اس پر سبسڈی حاصل کرنا آسان رہے گا۔اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ ابھی تقریباً 2.47 کروڑ صارفین نے Aadhaar کی تصدیق نہیں کرائی ہے۔ اس کا مطلب ہیکہ یہ صارفین جب LPG بکنگ کرنے جائیں گے تو انہیں Aadhaar کی تصدیق کرانی ہوگی۔ صارفین چاہیں تو LPG سلنڈر کی ڈیلیوری کے وقت ڈیلیوری ملازم کی موبائل ایپ کے ذریعہ بھی اپنا Aadhaar تصدیق کرا سکتے ہیں۔ حکومت نے بایومیٹرک آدھار Authentication یعنی BAA مکمل کرنے کی ابتدائی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی تھی، لیکن صارفین کو اضافی وقت دینے کے لیے اسے کئی بار بڑھایا گیا اور آخرکار 14 ستمبر 2026 کو اس کی آخری ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ جن گھریلو LPG صارفین کا BAA ابھی مکمل نہیں ہوا ہے، وہ یکم اکتوبر 2026 سے پہلے ہر حال میں Authentication مکمل کر لیں۔