ایم ایس لطیفی 40کے طالب علم اسحٰق حمزہ کو ISI 2022 کے داخلہ امتحان میں آل انڈیا 62 واں رینک
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) ۔ ایم ایس کے طالب علم اسحٰق حمزہ نے باوقار انڈین اسٹاٹسٹیکل ا نسٹیٹیوٹ کے انٹرنس امتحان ISI 2022میں آل انڈیا 62 واں رینک حاصل کیا جبکہ او بی سی زمرہ میں ان کا آل انڈیا رینک4 ہے۔ اس امتحان میںتقریبا ایک لاکھ طلبہ نے شرکت کی تھی۔ اور یہ امتحان آئی آئی ٹی کے داخلہ امتحان سے بھی مشکل سمجھا جا تا ہے۔اس مظاہرہ کی بنا پر حمزہ انڈین اسٹاٹسٹیکل ا نسٹیٹیوٹ بنگلورو کے بی میتھس کورس میں داخلہ کے اہل ہیں جو بہت ہی معتبر سمجھا جاتا ہے۔ حمزہ کو یہ بھی امتیاز حاصل ہے کہ وہSI 2022 I رینک لسٹ میں واحد مسلم امیدوار ہیں۔اسحٰق حمزہ کی شاندار کامیابی پر انہیں ایم ایس کے کارپوریٹ آفس واقع ماں صاحب ٹینک پر مینجمنٹ کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ایم ایس کے مینیجنگ ڈائرکٹر انور احمدنے کہا کہ اقلیتی طبقہ کے طلبہ کو گلوبل آئیڈیل شہری بنانے کے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مقصد کے عین مطابق اکیڈیمی کے تمام اداراہ جات کام کرتے ہیں اس سلسلہ میں لطیفی 40کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے ذریعہ حمزہ نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انور احمد نے اولیائے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لطیفی 40کے اسکرینینگ ٹسٹ میں شرکت کی طرف راغب کریں۔ ایم ایس کے سینئرڈائرکٹر معظم حسین نے اس امید کا اظہار کیا کہ حمزہ آئی آئی ٹی جے ای ای اڈوانس میں بھی اچھا مظاہرہ پیش کریں گے انہوں نے آگے کہا کہ حمزہ ایک اچھے اسپورٹس پرسن بھی ہیں انہوں نے کراٹے میں اسکول کی سطح کے قومی اعزازات حاصل کئے۔ معظم حسین نے اس امید کا اظہار کیا کہ حمزہ اپنی آگے کی تعلیم میں بھی اسی اسپرٹ کا مظاہرہ پیش کریں گے۔اسحٰق حمزہ کا تعلق بنگلورو سے ہے۔ دسویں جماعت کے بعد حمزہ نے حیدرآباد میںقائم آئی آئی ٹی جے ای ای کی تیاری کے لئے مخصوص ایم ایس لطیفی 40 میںداخلہ حاصل کیا تھا۔ حمزہ نے لطیفی 40 میں داخلہ کے لئے منعقدہ انٹرنس امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کی تھی جس کی بنا پر حمزہ کو دوسالہ لطیفی 40 پروگرام کے لئے 100% فری اسکالر شپ حاصل ہوئی جس کے تحت انہیں مفت تعلیم، کوچنگ،رہائش اور طعام کی سہولت حاصل ہے۔اسحٰق حمزہ نے اس سال جے ای ای مینس فیس ون میں 99.62 فیصد نشانات حاصل کئے اور فی الحال وہ لطیفی 40 پروگرام کے لئے مختص کیمپس میں جے ای ای مینس فیس ٹو اور جے ای ای اڈوانس امتحانات کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں جے ای ای مینس فیس ٹو کل جبکہ جے ای ای اڈوانس 28 اگسٹ کو منعقد ہوگا۔ حمزہ نے کہا کہ وہ جے ای ای اڈوانس کے اپنے نتیجہ کی بنیاد پر آئی آئی ٹی یا آئی ایس آئی میں داخلہ سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ حمزہ چاہتے ہیں کہ انکی اعلٰی تعلیم ہندوستان میں ہی پوری ہو اور اس کے بعد وہ وطن میں ہی رہ کر قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ حمزہ نے آئی ایس آئی کے داخلہ امتحان میں بہترین مظاہرہ پر اپنے والدین، ایم ایس لطیفی 40 کے اساتذہ اور اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔