ایم بی بی ایس میں مقامی امیدوار کے مسئلہ پر ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ

   

حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کو ہدایت دی کہ دبئی میں اسکولی تعلیم اور حیدرآباد میں انٹر کی تکمیل کرنے والے امیدوار کو ایم بی بی ایس داخلوں میں مقامی امیدوار قرار دیا جائے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ نے کونڈہ پور کی ساکن انعمتہ فاروق کی درخواست کی سماعت کی جس میں شکایت کی گئی کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں انہیں مقامی امیدوار قرار نہیں دیا گیا ۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ اگرچہ امیدوارہ نے دبئی میں دسویں تک تعلیم 1998 سے 2008 تک حاصل کی لیکن2019 سے تلنگانہ میں مقیم ہے۔ انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ سے تلنگانہ میں رہ کر انٹر کی تکمیل کی اور نیٹ میں حصہ لیا۔ حکومت نے مقامی امیدوار کی اہلیت پر جولائی میں قانون میں ترمیم کی۔ نئے قانون کے تحت امیدوارکو مسلسل چار سال تلنگانہ میں تعلیم حاصل کرنا چاہیئے یا چار سال ریاست میں قیام رہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ تحصیلدار کے ریسیڈنس سرٹیفکیٹ کی پیشکشی کے باوجود انہیں مقامی امیدوار قرار نہیں دیا گیا۔ عدالت نے یونیورسٹی کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ کیلئے مقامی امیدوار قرار دینے کی ہدایت دی۔1