ایمزون کا 18 ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان

   

نیویارک : دنیا کے سب سے بڑے آن لائن ریٹیلر ایمزون نے اپنے 18000 ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ حالانکہ وہ اس فیصلے کے اثرات سے واقف ہے لیکن غیر یقینی معیشت کی وجہ سے ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔ ای کامرس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، آن لائن اشتہارات، ڈیجیٹل اسٹریمنگ اور آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنی نے کہا کہ غیر یقینی معیشت کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ایمزون نے مزید کہا کہ ملازمین کو فارغ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کووڈ کی وبا کے دوران کمپنی نے حقیقتاً کافی بڑے پیمانے پر لوگوں کو ملازمت پر رکھ لیا تھا۔ایمزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے اپنے اسٹاف کے نام بھیجے گئے ایک بیان میں کہا، نومبر میں ہم نے افرادی قوت میں جو تخفیف کی تھی اور آج ہم جو تخفیف کرنے جارہے ہیں اس کے تحت 18000افراد کو فارغ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس فیصلے سے متاثر ہوں گے ہم ان کی مدد کے لیے مختلف طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔ہم انہیں پیکیج فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کا اطلاق 18جنوری سے ہوگا۔ایمزون نے کووڈ انیس کی وبا کے دوران اشیاء کی ترسیل کی مانگ میں غیر معمولی طور پر اضافہ ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ملازمین کی خدمات حاصل کی تھیں۔ایمزون کے سی ای او جیسی نے کہا کہ یہ فیصلہ اچانک اس لیے کرنا پڑا کیونکہ ہماری ٹیم کے ایک ساتھی نے اس اطلاع کو افشا کر دیا تھا۔جیسی کا کہنا تھا کہ ایمزون نے ماضی میں بھی مشکل اور پریشان کن حالات دیکھے ہیں اور ان کا مقابلہ کیا ہے اور ہم آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے۔