ایمسٹرڈیم فٹبال واقعہ : نیتن یاہو کی مذمت

   

تل ابیب : ایمسٹرڈیم میں گزشتہ رات ہونے والے فسادات کی بین الاقوامی مذمت کی گئی ہے ۔ مکابی تل ابیب فٹ بال ٹیم کے متعدد اسرائیلی شائقین پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس کی مذمت کی اور اسے یہود مخالف حملہ قرار دے دیا۔ اپنے ڈچ ہم منصب ڈک شوف کے ساتھ ایک کال میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایسے حملے اسرائیل اور نیدر لینڈز (ہالینڈ) کیلئے یکساں خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسرائیلی شہریوں پر کیے گئے اس حملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے نیدرلینڈز میں پوری یہودی برادری کے لیے سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ڈچ وزیر اعظم نے ایکس پر کہا ہے کہ انہوں نے ایمسٹرڈیم سے خوفناک کوریج کو دیکھا ہے ۔ جو کچھ ہوا وہ خطرناک تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ یہود مخالف حملے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے نیتن یاہو کو یقین دلایا کہ مجرموں کا سراغ لگایا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا اقوام متحدہ نے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ تنظیم کے انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے کہا ہے کہ ہم نے یہ پریشان کن رپورٹیں دیکھی ہیں، کسی کو بھی اس کی قومی، مذہبی، نسلی یا کسی اور بنیاد پر امتیازی سلوک یا تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے ۔
یوروپی کمیشن کی خاتون صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے بھی ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنانے والے نفرت انگیز حملوں پر اپنی “مایوسی” کا اظہار کیا۔