شاندار کامیابی پرکانگریس لیڈر نے تمام ارکان خاندان کومبارکباد پیش کی
نئی دہلی ۔29؍جون ( ایجنسیز )کیرالہ کی ایک مشہور کوہ پیما زہرہ چیروکپلی اتوار کو اپنے پورے خاندان کے ساتھ وائناڈ کی کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سے ملنے پہنچیں۔ زہرہ ماؤنٹ ایورسٹ کو کامیابی کے ساتھ فتح کرنے والی کیرالہ کی تیسری خاتون ہیں۔ پرینکا گاندھی نے زہرہ کو ان کی اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے زہرہ کے پختہ عزم، ہمت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے ان کی اس کامیابی کو ملک بھر کی خواتین کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا۔کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے ایورسٹ فاتح زہرہ چیروکپلی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔زہرہ بنیادی طور پر منجیری، ملپورم (کیرالہ) کی رہنے والی ہیں اور پیشے کے لحاظ سے ایچ آر کے شعبہ سے وابستہ رہی ہیں۔ زہرہ کو ایک کوہ پیما، راک کلائمبر اور ٹریول بلاگر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ مئی 2026 میں انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی فتح کی اور ایسا کرنے والی کیرالہ کی تیسری خاتون بن گئیں۔ زہرہ 2 بچوں کی ماں ہیں۔ ایورسٹ مہم کی تیاری کیلئے انہوں نے کئی سالوں تک تربیت حاصل کی اور چھوٹے چھوٹے پہاڑوں سے شروعات کرتے ہوئے ہمالیائی مہمات تک پہنچیں۔واضح رہے کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کیرالہ کے دورے پر تھیں۔ اس دوران انہوں نے وائناڈ میں پارٹی سے وابستہ افراد کے ساتھ ان سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے وائناڈ پارلیمانی حلقے کے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کی اور طلبہ کیلئے منعقدہ ’ایم ایل اے ایکسیلنس ایوارڈ‘ تقریب میں بھی شرکت کی۔