ایک بھی اہل ووٹر کا نام لسٹ سے نہ چھوٹنے پائے : کے ٹی آر

   

پارٹی کیڈر کو 3 اگست تک سرگرم رہنے کی تاکید۔ اپنی قیام گاہ پر پارٹی کی خصوصی کمیٹی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آج اپنی قیام گاہ نندی نگر پر پارٹی کی تشکیل کردہ SIR پروگرام مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ پارٹی کی خصوصی کمیٹی نے ریاست بھر میں جاری انتخابی ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظر ثانی مہم کی پیشرفت اور فیلڈ سطح پر درپیش مسائل سے تفصیل کے ساتھ واقف کرایا ۔ اجلاس کے دوران کے ٹی آر نے کمیٹی اور پارٹی کیڈر کو کئی اہم تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لاکھوں ووٹرس کی مکمل تفصیلات دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کرنے والے زمرے میں ڈال دیا گیا ہے ۔ بی آر ایس کے تمام قائدین اور کارکن ایسے تمام شہریوں کے پاس پہونچکر ان کی فوری رہنمائی کریں تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے محروم نہ ہوجائے ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ 3 اگست 2026 تک اس پروگرام کو ایک مقدس فریضہ سمجھتے ہوئے فیلڈ میں مکمل طور پر سرگرم رہیں ۔ کے ٹی آر نے واضح کیا کہ جہاں ایک بھی اہل ووٹر چھوٹنے نہیں دیا جائے گا ۔ وہی لسٹ میں موجود کسی بھی ڈپلیکٹ یا نا اہل ووٹر کے نام کو خارج کروانا بھی بی آر ایس کی ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 اگست کو مسودہ ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد اصل کام شروع ہوگا ۔ جن کے نام فہرست میں شامل ہیں اور جن کے نام کاٹ دئیے گئے ہیں ان کی باریک بینی سے جانچ کی جائے ۔ دعوؤں اور اعتراضات کے مرحلے میں ڈپلیکٹ ووٹرس کے اخراج اور نئے ناموں کے اندراج پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ کے ٹی آر نے SIR مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کی ستائش کی ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ انچارجس ، جنرل سکریٹریز اور کوآرڈینٹرس کو ہدایت دی کہ وہ بوتھ سطح پر باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ آنے والے انتخابات میں کسی بھی ووٹر کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔۔ 2/m/b