ایکسائز سپرنٹنڈنٹ کیخلاف اے سی بی کی کارروائی، تین کروڑ روپئے مالیتی اثاثے بے نقاب

   

نظام آباد۔23 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) تلنگانہ نے ضلع نظام آباد کے ڈسٹرکٹ پروہیبیشن اینڈ ایکسائز آفیسر (ایکسائز سپرنٹنڈنٹ) کوموری ملیا ریڈی کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سمیت 11 مقامات پر بیک وقت تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ اے سی بی ڈی ایس پی مسٹر راجیش شیکھر گوڑ کے مطابق ملیا ریڈی پر دورانِ ملازمت بدعنوانی اور مشتبہ ذرائع سے اپنی معلوم آمدنی سے کہیں زیادہ جائیدادیں حاصل کرنے کا الزام ہے۔اے سی بی کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق آج انجام دی گئی تلاشیوں کے دوران چار رہائشی مکانات، ایک کمرشیل عمارت، آٹھ کھلے پلاٹس اور 10.23 ایکڑ زرعی اراضی کا انکشاف ہوا۔ اس کے علاوہ تقریباً 3 لاکھ 31 ہزار روپئے نقد رقم، 50 لاکھ روپئے کے بینک بیلنس، ایک گرینڈ وٹارا کار اور ایک ٹی وی ایس اسکوٹی بھی ضبط کی گئی۔ ابتدائی جانچ میں برآمد شدہ اثاثوں کی مالیت تقریباً 3 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے، جبکہ غیر منقولہ جائیدادوں کی موجودہ بازاری قیمت دستاویزی قیمت سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اے سی بی حکام کے مطابق ملیا ریڈی کی اہلیہ اور خاندان کے افراد کے نام پر موجود تین بینک لاکرس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں تحقیقات کے دوران کھولا جائے گا۔ مزید اثاثوں کی جانچ جاری ہے۔ مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزم عہدیدار کو عدالتی تحویل کے لیے نامپلی، حیدرآباد میں قائم خصوصی اے سی بی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔