عوام سے ریونت ریڈی کی اپیل، دو لاکھ سرکاری ملازمتوں کا وعدہ، بالکنڈہ میں پد یاترا اورجلسہ عام
حیدرآباد۔13۔مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ بدعنوانیوں میں ملوث بی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے عوام کی حقیقی فلاح و بہبود کیلئے کانگریس کو اقتدار کا موقع دیں۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے 27 ویں دن ریونت ریڈی نے آج نظام آباد کے بالکنڈہ اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کو جاری رکھا ۔ ریونت ریڈی نے مختلف مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کی۔ پد یاترا کے دوران عوام میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ پد یاترا کے راستہ میں جگہ جگہ ریونت ریڈی کا عوام نے استقبال کیا۔ ایک مرحلہ پر ریونت ریڈی اسکولی بس کو دیکھ کر رک گئے اور اسکولی طلبہ نے ان سے ملاقات کی ۔ طلبہ کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے وہ بس میں سوار ہوگئے۔ اسکولی بچوں نے ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کہہ کر مخاطب کیا۔ اس موقع پر کے سی آر بائے بائے کے نعرے لگائے گئے۔ ریونت ریڈی نے طلبہ سے تعلیم کے بارے میں سوالات کئے اور انہیں مشورہ دیا کہ تعلیم پر توجہ دیں تاکہ ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ ریونت ریڈی نے بالکنڈہ میں کستوربا گاندھی گرلز اسکول کا دورہ کیا اور اسکول میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کستوربا گاندھی اسکولس قائم کئے تھے۔ انہوں نے ہاسٹل کے طلبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ بنیادی سہولتوں سے محرومی کے سبب طلبہ مسائل کا شکار ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر کستوربا اسکولوں کو ترقی دی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے بیڑی ورکرس کو تیقن دیا کہ کام فراہم کرنے کیلئے کانگریس حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیڑی ورکرس کو پنشن کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ شام میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے تمام وزراء بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے نظام آباد کے وزیر پرشانت ریڈی کے خلاف جاری کردہ چارج شیٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ بالکنڈہ کے عوام کوآئندہ انتخابات میں انہیں مسترد کرنا چاہئے۔ کارنر میٹنگ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام اور کانگریس کے حامی شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے عوام نے علحدہ ریاست حاصل کی لیکن 9 برس گزرنے کے باوجود عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، صرف کے سی آر خاندان کو اقتدار ملا جبکہ عوام وعدوں کی تکمیل سے محروم رہے۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں اندراماں راج کی بحالی کیلئے کانگریس کو اقتدار کا موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں نے کے سی آر کی دختر کو نظام آباد پارلیمانی حلقہ سے شکست دے کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی آپس میں ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ انہوں نے نظام آباد کے ہلدی کسانوں سے وعدہ کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر علحدہ ہلدی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ ر(سلسلہ اندورنی صفحہ پر)