برطانوی وزیراعظم کا ہندوستانیوں کیلئے ویزا اسکیم کا اعلان

   

لند ن : برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات کے بعدہندوستانیوںکیلئے مخصوص ویزا اسکیم متعارف کروادی۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم رشی سونک کی متعارف کردہ اسکیم کے تحت ہر سال 3 ہزارہندوستانیوں کیلئے برطانیہ میں ملازمت کے دروازے کھل گئے ہیں۔ برطانوی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہندوستان وہ پہلا ملک ہے جس نے اس ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، اس اسکیم کے ذریعہ گزشتہ سال ہونے والے یوکے۔ ہندوستان مائیگریشن اور موبیلٹی پارٹنر شپ کی مضبوطی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج یوکے۔ انڈیا نوجوان پروفیشنلز اسکیم کی تصدیق ہوگئی ہے، یہ اسکیم 18 سے 30 سال کے عمر کے درمیان والے نوجوانوں کیلئے ہے جن کے پاس تعلیمی اسناد موجود ہیں، اس اسکیم کے تحت 3 ہزار نوجوانوں کو برطانیہ میں 2 سال تک قیام اور ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ یہ اعلان رشی سونک اور نریندر مودی کی جی 20 سمٹ میں ملاقات کے بعد کیا گیا ہے ،گزشتہ ماہ رشی سونک کے برطانوی وزیراعظم بننے کے بعد یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی۔