لندن: برطانیہ کے شاہی گھرانے پر الزامات سے بھری پرنس ہیری کی کتاب Spare منظر عام پر آتے ہی اس کی غیرمعمولی فروخت جاری ہے۔ کتاب میں شہزادہ ہیری نے اپنے کراؤن پرنس بھائی شہزادہ ولیم، ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن اور سوتیلی ماں کمیلا پارکر کیخلاف دل کے پھپھولے پھوڑ دیئے ہیں۔ کتاب میں انہوں نے لکھا کہ انہیں پیدا ہی اس لئے کیا گیا کہ وہ پرنس ولیم کو کسی قسم کا ٹرانسپلانٹ یا خون یا اعضاء کی ضرورت ہو تو وہ عطیہ کریں۔ پرنس ہیری نے منشیات کے استعمال، بڑی عمر کی خاتون سے جنسی تعلق، اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور پرنس ولیم کی اہلیہ مڈلٹن کے درمیان نند بھاوج والی لڑائیوں پر بے باکی سے لکھا ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی سے جھگڑوں پر بھی کہی اَن کہی سب باتیں بتادی ہیں۔ اپنی سوتیلی ماں کمیلا پارکر کی دل کھول کر برائیاں بھی کی ہیں۔ تجزیہ کاروں اور برطانیہ کے شاہی خاندان پر کتابیں لکھنے والے مورخیں کا دعویٰ ہے کہ پرنس ہیری نے باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق تہلکہ خیز الزامات کے باوجود پرنس چارلس کی رسم تاجپوشی کی تقریب میں پرنس ہیری کو دعوت دی جائے گی۔ تاہم پرنس ہیری کے شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔