بس اور ٹرک کے درمیان تصادم ، 11 افراد ہلاک

   

متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ، ٹرک نے سائیڈ پر کھڑے لوگو ں کو کچل دیا

جئے پور : راجستھان کے بھرت پور میں آج صبح بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 11افراد کی موت ہوگئی ۔ اس کے ساتھ ہی 12سے زائد افراد زخمی ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ کے مطابق ہلاکتو ں میں اضافہ ہوسکتا ہے ،بس میں 45 سے زائد افراد سوار تھے ۔ یہ حادثہ لکھن پور تھانہ علاقہ کے آگرہ ۔ جئے پور نیشنل ہائی وے 21 پر ہنتارا کے قریب صبح 5:30 بجے پیش آیا ۔ مہلوکین میں 6 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں ۔ تمام مرنے والے گجرات کے بھاؤنگر کے رہنے والے ہیں ۔ بس خراب ہونے کی وجہ سے سڑک کے کنارے کھڑی تھی ،پولیس کے مطابق بس بھاونگر سے متھرا کے راستے ہریدوار جارہیتھی ۔ صبح بھرت پورآگرہ ہائی وے پر بس اچانک الٹ گئی ۔ ڈرائیور اور اس کے ساتھی سمیت دیگر مسافر بھی بس سے اتر گئے ۔ ڈرائیور اور اس کے ساتھی بس کو ایڈجسٹ کررہے تھے کہ ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی اور سائیڈ پر کھڑے لوگوں کو کچل دیا ۔اس دوران وہاں سے گزرنے والی دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے سڑک پر بے ہوش لوگوں کو دیکھ کر پولیس کو فون کیا اور ایمبولنس کو بلایا ۔ تمام کی نعشوں کو بھرت پور ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے ۔ حادثہ کے بعد نعشیں ہائی وے پر بکھر گئیں ، وہاں موجود لوگوں نے ایک ایک نعش کو سڑک کے درمیان سے ہٹاکر ایک طرف رکھ دیا ۔ اسی دوران شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ تصادم کس گاڑی کی وجہ سے ہوا۔ زخمیوں کی الت بدستور تشویشناک ہے ۔ ہوش میں آنے پر اس سے پوچھ گھ کی جائے گی ۔