شہر میں وبائی امراض، دواخانوں کے اوقات میں اضافہ کیا جائے
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود بستی دواخانوں کی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور اوقات کار میں اضافہ کرنے کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کیونکہ دونوں شہروں میں وبائی امراض بالخصوص ٹائیفڈ‘ ڈینگو ‘ چکن گنیا کے سبب سردی ‘ بخار‘ نزلہ اور اعضاء شکنی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اس اضافہ کے بعد سے خانگی دواخانوں میں مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں چلائے جانے والے بستی دواخانوں کی خدمات سے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کو کافی فائدہ حاصل ہورہا ہے لیکن ان دواخانوں کے اوقات کار میں کمی کے سبب ان کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی اور محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکی جانب سے شہر میں چلائے جانے والے بستی دواخانوں کی خدمات کے اوقات کار میں اضافہ کے سلسلہ میں مشاورت کا عمل جاری ہے تاہم تاحال اسے قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ بستی دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ ان دواخانوں میں موجود ڈاکٹرس اور عملہ سے مطمئن ہیں لیکن مریض کوڈاکٹرس کی موجودگی کے وقت پر ہی رجوع ہونا پڑتا ہے جبکہ بسا اوقات مریض کو ہنگامی حالت میں ڈاکٹرس سے رجوع کرنا پڑتا ہے علاوہ ازیں بخاراور نزلہ کا شکار ہونے والے مریضوں کو اکثر رات کے اوقات میں ڈاکٹرس سے رجوع کیا جاتا ہے لیکن بستی دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس کی خدمات صرف دن کے اوقات میں ہونے کے سبب بھی مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بستی دواخانوں کی خدمات کے اوقات کار میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا جاچکا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ابتدائی طور پر چند بستی دواخانوں کی خدمات کو شام کے اوقات میںتجرباتی اساس پر شروع کریں تاکہ عوامی رجحان کا جائزہ لیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے دونوں شہروں میں موجود ان بستی دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور عملہ کی تفصیلات حاصل کرنی شروع کردی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ان دواخانوں میں شام کے اوقات میں خدمات کی انجام دہی کے لئے اضافی عملہ کے تقرر کا جائزہ لیا جا رہاہے۔م