انٹورپ : بلجیئم میں مہنگائی کی شرح 1975 کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ملک میں مہنگائی کی شرح میں اب روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ ماہ یعنی ستمبر کے مقابلے میں صرف اکتوبر کے مہینے میں ایک فیصد اضافے کے ساتھ مہنگائی 12.27 پر پہنچ گئی ہے۔ ستمبر کے مہینے میں یہی شرح 11.27 فیصد پر کھڑی تھی۔ بلجیئم کے اسٹیٹسٹکس آفس کے مطابق 1975 میں آنے والے بحران کے بعد بلجیئم میں یہ مہنگائی کی بلند ترین سطح ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق مہنگائی میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ حالانکہ بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ لیکن یورپ میں توانائی کی قیمتوں میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 63.03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث ان 12.27 فیصد میں 6 فیصد کے قریب پوائنٹس توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ہیں۔ اسی وجہ سے سڑکوں پر سونے والوں اور مانگنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دکھائی دیتا ہے۔