کوویڈ رہنمایانہ خطوط پر انتخابات کو ترجیح، ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس سے 70 سالہ ضعیف میدان میں
حیدرآباد۔ کورونا وباء کے پیش نظر ملک بھر میں جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ان کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو گھروں تک محدود رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ انہیں صرف انتہائی سخت ضرورت کے تحت ہی مکانات سے باہر نکلنے کا محکمہ صحت نے مشورہ دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوویڈ قواعد ایک طرف لیکن انتخابات میں حصہ لینے کا جذبہ کچھ ایسا حاوی ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے 30 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ 8 ماہ کے دوران روزانہ کورونا ہدایات جاری کرتے ہوئے ضعیف العمر افراد کو مکانات میں رہنے کا مشورہ دیا جارہا ہے کیونکہ زائد عمر کے افراد کورونا کا باآسانی شکار ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ انتخابات میں 30 ایسے امیدوار ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے اور وہ کورونا قواعد کی پرواہ کئے بغیر نہ صرف پرچہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں بلکہ انتخابی مہم میں سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے اگرچہ ابتداء میں امیدواروں کے انتخاب میں کم عمر افراد کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعض حلقوں میں انہیں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو مجبوراً ترجیح دینی پڑی۔ برسراقتدار ٹی آر ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کئی امیدواروں کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس اور تلگودیشم کے بعض امیدوار بھی زائد عمر کے حامل ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو امیدواروں کی حد عمر کے بارے میں پابند نہیں کیا جاسکتا اور سیاسی جماعتوں کو خود اس کا خیال کرنا چاہیئے۔ ٹی آر ایس اور تلگودیشم سے زائد عمر کے علی الترتیب 6،6 امیدوار میدان میں ہیں۔ بی جے پی سے اور کانگریس سے 3 ، 3 امیدوار ایسے ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ 8 آزاد امیدواروں کی عمر 60 سال سے زائد بتائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق ٹی آر ایس کے سب سے بزرگ امیدوار 75 سالہ کے ست نارائنا جو جوبلی ہلز ڈیویژن سے مقابلہ کررہے ہیں جبکہ 70 سالہ کے وٹھل ریڈی منصورآباد ڈیویژن سے میدان میں ہیں۔ بی جے پی کے سب سے بزرگ امیدوار کی عمر 64 سال ہے۔ آر وشویشوریا کو بھولکپور ڈیویژن سے امیدوار بنایا گیا۔ تلگودیشم نے 66 سالہ کے دھنا لکشمی کو حفیظ پیٹ اور ارمیلا دیوی کو منگل ہاٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس کے زائد عمر والے امیدوار 64 سالہ سی ایل یادگیری ماچابلارم ڈیویژن سے مقابلہ کررہے ہیں۔ آزاد امیدواروں میں 71 سالہ کے راجیا (ملکاجگیری ڈیویژن ) سب سے بزرگ امیدوار ہیں۔