ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے چٹوگرام میں نعرہ باز ہجوم نے تین ہندو مندروں میں توڑ پھوڑ کی۔ چٹوگرام میں اسکون کے ایک سابق رکن کے خلاف غداری مقدمہ کے بعد احتجاج جاری ہے۔ نیوز پورٹل ’bdnews24 com‘ نے کہا کہ حملہ بندرگاہی شہر کے ہریش چندر منصف لین میں ہوا اور شانتنیشوری ماتری مندر، شانی مندر اور شانتنیشوری کالی باری مندر کو نشانہ بنایا گیا۔ پورٹل نے مندر حکام کے حوالے سے کہا کہ سینکڑوں افراد کے گروپ نے مندروں پر اینٹیں اور پتھر پھینکے، جس سے شانی مندر اور دیگر دو مندروں کے دروازوں کو نقصان پہنچا۔ کوتوالی پولیس اسٹیشن کے سربراہ عبدالکریم نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے مندروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مندروں کو بہت کم نقصان پہنچا ہے۔