بڑا ریل حادثہ ٹل گیا، ایکسپریس ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اترے

   

نئی دہلی: راجستھان میں کل ایک بڑا ٹرین حادثہ ٹل گیا۔ دیر رات کوٹا جنکشن کے قریب مسافر ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ جس کی وجہ سے ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی اور کئی ٹرینوں کو دوسرے ٹریک پر موڑ دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق جودھپور-بھوپال ایکسپریس ٹرین جودھپور سے بھوپال جا رہی تھی، جب یہ ٹرین جمعہ کی رات دیر گئے کوٹا جنکشن پہنچی، اسی وقت یہ حادثہ پیش آیا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ یہ ٹرین جمعہ کی صبح تقریباً 10 بجے جودھ پور سے روانہ ہوئی تھی۔ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اترنے کے سبب مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے بعد ریلوے ٹیم نے مسافروں کو ٹرین سے نکالنے میں مدد کی۔ معلومات کے مطابق اب ریلوے ٹریک کو بحال کر کے ٹرین کو روانہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد ٹرین تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہو گئی۔
وزیر اعلیٰ یادو کا ہریدوار اور اُجین کا دورہ
بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی ڈاکٹر موہن یادو نے آج ہریدوار اور اُجین کا دورہ کیا۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق، ڈاکٹر یادو نے صبح ہریدوار میں پتنجلی گروکلم اور آچاریہ کلم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی ۔ اس دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود تھے ۔ اس کے بعد انہوں نے پنچایتی نرنجنی اکھاڑہ اور شانتی کنج ہریدوار میں مقامی پروگراموں میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر یادو شام کو اجین میں مقامی پروگراموں میں بھی شامل ہوئے۔