دبئی۔ ہندوستان کے تجربہ کار بولر بھونیشور کمار کو ماہِ مارچ کیلئے آئی سی سی کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ کمار نے انگلینڈ کے خلاف محدود اوور کی کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ مارچ کے مہینہ میں تمام طرز کی کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کرنے والے مرد اور خاتون کھلاڑیوں کو ماہانہ ایوارڈ سے نوازنے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ بھونیشور کمار کے علاوہ اس زمرہ میں لیگ اسپنر راشد خان اور زمبابوے کے شین ولیمس کو بھی موقع ملا ہے۔ خاتون کھلاڑیوں میں ہندوستان کی کھلاڑی راجیشوری گائیکواڈ کے نام کے ساتھ جنوبی افریقہ کی لیزی لی اور پونم راوت بھی موجود ہیں۔ گذشتہ ماہ کمار نے انگلینڈ کے خلاف 3 ونڈے مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 4.65 کے اوسط سے رنز دیتے ہوئے 6 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں نیز انہوں نے 5 ٹی 20 مقابلوں میں بھی شرکت کی ہے جس میں انہوں نے 6.38 کے اوسط سے رنز دیتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا ہے۔ دوسری جانب زمبابوے کے خلاف افغانستان کے بولر راشد خان نے 11 وکٹیں حاصل کی جبکہ تین ٹی 20 مقابلوں میں 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی 3-0 کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔