بہادر پورہ میں ہوٹل ، بیکری اور اڈپی سنٹر پر فوڈ سیفٹی حکام کے دھاوے

   

صحت و صفائی کے ناقص انتظامات، کچن کے علاقہ میں گندگی اور دیگر بے قاعدگیوں کی نشاندہی
حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر فوڈ سیفٹی حکام کی جانب سے شہر میں غیر معیاری غذاؤں اور صحت و صفائی سے عاری ہوٹلوں، بیکریز اور فوڈ سنٹرس کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی حکام نے پرانے شہر میں بعض ہوٹلوں اور بیکریز کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے غذائی اشیاء کی تیاری کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بہادر پورہ میں واقع ہوٹل فضاء اینڈ بیکریز پر دھاوے کے دوران کئی نقائص کا پتہ چلا ہے۔ کمشنر فوڈ سیفٹی کے مطابق ہوٹل اور بیکری نے میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ حاصل نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ کیڑے مار ادویات کا کوئی سسٹم نہیں ہے۔ پکوان کے لئے استعمال کئے جانے والے پانی کی صفائی کا انتظام نہیں تھا۔ ہوٹل اور بیکری کے ٹائلس اور دیواریں خستہ ہوچکی تھیں۔ ریفریجریٹر انتہائی غیر صحتمندانہ ماحول میں دیکھا گیا جس کی صفائی کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ فریج میں موجود غذائی اشیاء کو مناسب طریقہ سے ڈھانکنے کا نظم نہیں تھا۔ غذا کی تیاری میں سنتھیٹک فوڈ کلرس کا استعمال کیا گیا اور خاص طور پر نان ویجٹرین آئٹمس کی تیاری میں اُن کا استعمال ہوا۔ کچن کے احاطہ میں جھینگر اور دیگر کیڑے مکوڑے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ کچن کے دروازے اور کھڑکیاں مناسب صفائی کے بغیر ہی پائی گئیں۔ فریج میں ٹمپریچر ریکارڈ کا کوئی سسٹم نہیں تھا۔ حکام کے مطابق بچ جانے والی غذائی اشیاء کو دوبارہ فریج میں رکھا گیا۔ حکام نے ہوٹل اور بیکری کے معائنے کے دوران کئی قانونی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔ فوڈ سیفٹی عہدیداروں نے ہوٹل اور بیکری کے علاوہ سکھا ساگر اڈپی ویجٹرین سنٹر کا اچانک معائنہ کیا جہاں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے۔ اڈپی ویجٹرین سنٹر کے اسٹور روم میں حکام نے کافی گندگی پائی ہے۔ واشنگ ایریا میں موری کا پانی بہہ رہا تھا۔ اڈپی سنٹر بہادر پورہ میں فوڈ سکیورٹی کا لائسنس ختم ہوگیا لیکن اُسے رینول نہیں کرایا گیا۔ حکام نے کچن میں کیڑے مکوڑوں اور صفائی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کرتے ہوئے غذائی اشیاء کے سیمپلس حاصل کرلئے۔ غذا کی تیاری کے مقام پر صحت و صفائی کی کمی کے نتیجہ میں عوام کی صحت پر اثر پڑنے کا اندیشہ ہے۔ فوڈ سیفٹی حکام پرانے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں گے۔ 1