بہار میں طلباء پر فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار معطل

   

ایس پی سیوان کا بیان ۔ داخلی سطح پر تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا
حیدرآباد۔28جولائی(سیاست نیوز) بہار پولیس انتظامیہ نے طلبہ پر AK47 کے ذریعہ فائرنگ کرنے والے پولیس کانسٹیبل کو معطل کرنے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ بہار میں NEET پرچہ کے افشاء کے خلاف احتجاج کے دوران احتجاجی طلبہ پر فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف کاروائی کے مطالبہ میں شدت پیدا ہونے کے بعد سپرٹنڈنٹ پولیس سیوان مسٹر پورن کمار جھا نے معطلی کے احکام جاری کئے ہیں۔ بہار میں جاری طلبہ کے احتجاج کے دوران احتجاجیوں پر راست AK47 کے ذریعہ فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کے مطالبہ میں شدت پیدا ہونے لگی تھی اور ان مطالبات کو دیکھتے ہوئے بہار پولیس نے ویڈیو میں موجود پولیس اہلکار کی معطلی کے احکام جاری کردیئے ۔ضلع انٹلیجنس یونٹ میں برسرکار پولیس اہلکار نے اپنی AK47 سے طلبہ پر فائرنگ کی تھی اور یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد طلبہ اور بہار کے عوام میں برہمی پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں پولیس نے دباؤ کو قبول کرکے فائرنگ کے ذمہ دار اہلکار کو معطل کردیا۔ سپرٹنڈنٹ پولیس سیوان پورن کمار جھا نے بتایا کہ فائرنگ میں کوئی بھی طالب علم زخمی نہیں ہوا لیکن یہ کاروائی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ذمہ دار اہلکار کی معطلی کے ساتھ پولیس نے داخلی محکمہ جاتی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ پولیس اہلکار کو ایسی کیا صورتحال درپیش تھی کہ کسی عہدیدار کی ہدایت کا انتظار کئے بغیر گولیاں داغ دیں۔ انہو ںنے کہا کہ محکمہ جاتی تحقیقات کے بعد مزید کاروائی کی سفارش کی جائے گی ۔3/k/b