حیدرآباد /8 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس لجسلیچر پارٹی کا اجلاس آج ہفتہ کو صبح 9 بجے تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگا ۔ جس میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کو بی آر ایس مقننہ پارٹی کا قائد منتخب کرنے کا قوی امکان ہے ۔ ہفتہ کو دن میں 11 بجے سے اسمبلی کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے ۔ جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں بی آر ایس لجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ یہاں سے بی آر ایس کے تمام ارکان اسمبلی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کو پہونچیں گے ۔ بی آر ایس کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس اجلاس میں بی آر ایس فلور لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ قائد اپوزیشن عہدے کیلئے پہلے کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور کڈیم سری ہری کے ناموں پر بھی پارٹی حلقوں میں غور کیا گیا ۔ تاہم ارکان اسمبلی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو قائد بنانے کی اتفاق رائے پیش کی ۔ اس کے علاوہ ایک یا دو ڈپٹی فلور لیڈرس بنانے کا بھی امکان ہے ۔ تاہم کے سی آر زخمی ہوکر یشودھا ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ ڈاکٹرس نے 6 تا 8 ہفتوں تک انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔