کھاتے میں 1449 کروڑ روپئے موجود ، سنٹرل الیکشن کمیشن کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کو ہندوستان کی سب سے دولت مند علاقائی جماعت بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ اپنے کھاتے میں 1449 کروڑ روپئے موجود ہونے کی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کی ہے ۔ اس کے علاوہ تلگو دیشم پارٹی ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے فنڈز کی بھی تفصیلات الیکشن کمیشن کے ویب سائیٹ میں اپ لوڈ کی گئی ہے ۔ تلگو دیشم کے اکاونٹ میں 272 کروڑ روپئے موجود ہیں ۔ ملک کی علاقائی جماعتوں میں بی آر ایس کے کھاتوں میں سب سے زیادہ رقم ہے ۔ بی آر ایس نے سنٹرل الیکشن کمیشن کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کئے گئے اخراجات کی تفصیلات پر آڈٹ رپورٹ پیش کی ہے ۔ اب تک اوڈیشہ کی بیجو جنتادل 625 کروڑ روپئے کے ساتھ سرفہرست تھی ۔ کے سی آر کی قیادت والی بی آر ایس نے اس کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل تک بی آر ایس کے کھاتوں میں 1519 کروڑ روئے تھے ۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے اختتام تک پارٹی کو 47.56 کروڑ روپئے بطور عطیات وصول ہوئے ۔ انتخابی تشہیر اور دیگر پروگرامس پر 120 کروڑ روپئے سے زیادہ خرچ کرنے کی رپورٹ میں وضاحت کی گئی ۔ دیگر علاقائی جماعتوں میں تاملناڈو کی ڈی ایم کے پارٹی کے کھاتے میں 338 کروڑ، سماج وادی پارٹی کے کھاتے میں 340 کروڑ ، تلگو دیشم پارٹی کے کھاتے میں 272 کروڑ ، جے ڈی یو کے کھاتے میں 147 کروڑ ، جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کھاتے میں 27 کروڑ روپئے ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔۔ 2