عوامی نمائندے عوام کے درمیان رہیں، اپریل میں یوم تاسیس تقاریب، ضلعی صدور کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج ضلع پارٹی صدور اور جنرل سکریٹریز کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کی توسیع اور کارکنوں کیلئے ٹریننگ کیمپس کے انعقاد پر بات چیت کی۔ کے ٹی آر نے بنیادی سطح پر بی آر ایس کے استحکام اور 60 لاکھ سے زائد پارٹی کارکنوں میں شعور بیداری سے متعلق پروگرامس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے مشورہ پر مقامی سطح پر بعض پروگرام طئے کئے گئے جس میں عوامی نمائندے شامل رہیں گے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوامی نمائندے زیادہ تر عوام کے درمیان رہیں۔ کے ٹی آر نے ضلعی سطح پر پارٹی کارکنوں کے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح کے کارکن سے لے کر عوامی نمائندوں تک بہتر تال میل اور روابط کے استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن بی آر ایس کی اصل طاقت ہیں۔ ارکان اسمبلی کو اجلاس منعقد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہر 10 گاؤں کو ایک یونٹ قرار دیتے ہوئے ارکان اسمبلی مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔ شہری علاقوں میں ایک ٹاون یا پھر مختلف ڈیویژنس کو ملا کر اجلاس منعقد کئے جائیں۔ اجلاسوں میں مقامی ارکان پارلیمنٹ، ارکان کونسل و اسمبلی، کارپوریشن کے صدورنشین اور دیگر سرکاری عہدوں پر فائز قائدین شرکت کریں گے۔ آئندہ دو ماہ میں اجلاسوں کا انعقاد مکمل کرلیا جائے۔ اپریل میں پارٹی کے یوم تاسیس تک ریاست بھر میں اجلاسوں کا انعقاد مکمل کرلیا جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہر 10 گاؤں کو ایک یونٹ بناکر ارکان اسمبلی ان علاقوں کا دورہ کریں۔انہوں نے ہر ضلع میں ضلعی سطح کے دفاتر قائم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح کے اجلاسوں اور یوم تاسیس تقاریب کی تفصیلات کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ حکومت نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں امبیڈکر کا طویل قامت مجسمہ نصب کیا جارہا ہے اور نئے سکریٹریٹ کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کیا گیا۔ کے ٹی آر نے دلت بندھو کے دوسرے مرحلہ کو کامیاب بنانے کیلئے قائدین کو متحرک ہونے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون کو یادگار شہیدان تلنگانہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی۔ جون میں طلبہ کیلئے پارٹی کے اسٹوڈنٹ ونگ کی جانب سے پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ انٹر میڈیٹ، ڈگری اور انجینئرنگ کالجس میں نئے طلبہ کے استقبالیہ پروگرام ہوں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 25 اپریل کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اجلاس منعقد کئے جائیں اور یوم تاسیس کے ضمن میں پارٹی پرچم لہرایا جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تنظیم کے استحکام کیلئے جو پروگرامس طئے کئے گئے ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ر