جمشید پور، 12 اکتوبر (آئی اے این ایس) جھارکھنڈ کے جمشید پور میں جے این یو کے معاملے پر احتجاج کے دوران پیرکو بی جے پی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا، جس میں پتھراؤ اور ہاتھا پائی کے نتیجے میں10 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں بی جے پی کے سابق ضلعی صدر دنیش کمار اور کانگریس کے ایک نائب صدر بھی شامل ہیں، جنہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ یہ واقعہ کانگریس کے دفتر تلک پستکالیہ کے باہر پیش آیا، جہاں دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آئے۔ صورت حال کشیدہ ہونے کے بعد پولیس نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی مہانگر مہیلا مورچہ نے منی پور سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور جے این یو کے سابق پروفیسر ڈاکٹر انگومچا بیمول اکویجام کے خلاف کارروائی، گرفتاری اور برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ ان پر یونیورسٹی کی طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پروگرام کے مطابق بی جے پی کارکن پیرکی صبح بشتوپور کے جی ٹاؤن کلب گراؤنڈ میں جمع ہوئے اور جلوس کی شکل میں کانگریس دفتر کی جانب روانہ ہوئے۔ وہاں پہنچنے پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان نعرے بازی شروع ہوگئی، جو پہلے تلخ کلامی اور پھر تشدد میں تبدیل ہوگئی۔