قومی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ، ڈی راجا اور عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔/17 جولائی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کی قومی کونسل کا تین روزہ اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ 14 تا 18 اکٹوبر وجئے واڑہ میں 24 ویں کانگریس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی کونسل نے مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور ناکامیوں کو اُجاگر کرنے کیلئے 15 اگسٹ کو ملک بھر میں بی جے پی حکومت کے یوم ناکامی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ 8 برسوں میں مرکزی حکومت نے عوام کو کوئی راحت نہیں پہنچائی ہے۔ بی جے پی کا جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن وہ مجاہدین آزادی کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا نے کہا کہ 2014 سے بی جے پی ۔ آر ایس ایس اتحاد ہندو راشٹر کے ایجنڈہ پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔ پارلیمانی جمہوریت پر حملے کئے گئے اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور خواتین کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں جو دستور نے فراہم کئے تھے۔ عدم مساوات دن بہ دن عروج پر ہے۔ ڈی راجا نے کہا کہ کوویڈ کے نتیجہ میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن مودی حکومت حقیقی اعداد و شمار کو چھپارہی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ہندوستان کیسس کے معاملہ میں دنیا میں سرفہرست تھا۔ ایک کروڑ افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور 97 فیصد خاندانوں کی آمدنی متاثر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت آوازوں کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے اور حکومت سے اختلاف کرنے والوں کو قوم دشمن اور اربن نکسل کا نام دیا جارہا ہے۔ ڈی راجا نے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کے ذریعہ دستوری اور جمہوری حقوق پامال کرنے کی تیاری ہے۔ ملک میں کئی مقامات پر مسلمانوں کی جائیدادوں کو بلڈوزر کارروائیوں کے ذریعہ منہدم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھوک مری میں ہندوستان 116 ممالک میں 101 ویں مقام پر ہے۔ پڑوسی ممالک پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال میں ہندوستان سے بہتر معاشی صورتحال ہے۔ اسرائیل سے تعلقات کے استحکام کا حوالہ دیتے ہوئے راجا نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پہلی مرتبہ ہندوستان نے اسرائیل کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نے اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کی۔ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ نوجوانوں میں بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور کرپشن کے معاملہ میں ہندوستان 86 ویں رینک پر ہے۔ اجلاس سے کے سامبا سیوا راؤ سابق رکن اسمبلی، کے سرینواس ریڈی نے مخاطب کیا۔ تین روزہ سیشن میں ملک بھر سے 72 مندوبین نے شرکت کی۔ر