2 تا26 اگست 5 اضلاع میں 325 کیلو میٹر کا احاطہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کے تیسرے مرحلہ کے اختتام پر 26 اگست کو ورنگل میں بڑے جلسہ عام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اس جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ جلسہ عام میں دو لاکھ سے زائد افراد کو جمع کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ بی جے پی کے نائب صدر منوہر ریڈی نے بتایا کہ سینئر قائدین کو جلسہ عام کے سلسلہ میں اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کے دوران کئی قومی اور علاقائی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڈنویس 2 اگست کو یادادری بھونگیر میں یاترا کے تیسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے۔ اس یاترا کے تحت 5 اضلاع بھونگیر ، نلگنڈہ ، جنگاؤں ، ہنمکنڈہ اور ورنگل کے 325 کیلو میٹرس کا احاطہ کیا جائے گا۔ تین پارلیمانی حلقوں اور 12 سے زائد اسمبلی حلقہ جات میں بنڈی سنجے عوام سے ملاقات کریں گے۔ پد یاترا کے مختلف مراحل میں مرکزی وزراء اور مرکزی قائدین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ 15 مقامات پر بنڈی سنجے عوام سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ دوسرے مرحلہ کی پد یاترا کا 14 اپریل کوگدوال میں اختتام عمل میں آیا تھا ۔ بنڈی سنجے نے گزشتہ سال اگست میں تاریخی چارمینار سے اپنی یاترا شروع کی تھی ۔ ر