بی جے پی کے جلسہ عام میں انقلابی شاعر غدر کے نمودار ہونے پر حیرت

   

سیکولراور کمیونسٹ نظریات رکھنے والوں پر سکتہ طاری ، وزیراعظم کا پیغام سننے پہونچا ، غدر کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : کمیونسٹ نظریات کے حامل انقلابی شاعر غدر کا اچانک پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر منعقدہ بی جے پی کے جلسہ عام پر نمودار ہوجانا سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے کیوں کہ اعلیٰ طبقات کی ظلم و زیادتی اور سماج کے مختلف طبقات کے ساتھ نا انصافی اور زعفرانی ایجنڈے کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے نکسلائٹس سرگرمیوں میں شامل ہونے والے غدر نے چند دن قبل تک اپنے آپ کو سیکولرازم کے علمبردار کی حیثیت سے پیش کیا کرتے تھے اور ان کے گیتوں سے بھی ان کے نظریات چھلکتے تھے ۔ جس کا سماج میں بہت زیادہ احترام کیا جاتا تھا ۔ تلنگانہ تحریک میں بھی ان کے جذباتی اور انقلابی گیتوں کا اہم رول رہا ہے ۔ جلسوں اور اجلاسوں کے ذریعہ انہوں نے ہمیشہ سیکولر نظریات کو فروغ دینے میں نمایاں رول ادا کیا ہے ۔ لیکن اپنے نظریات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے جلسہ عام میں شرکت کی ہے ، جس پر سیاسی اور ادبی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کے جلسہ عام میں انہوں نے ابتداء سے اختتام تک پریڈ گراونڈ میں موجود تھے ۔ اصولوں اور نظریات کی غدر نے پہلی مرتبہ خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔ ماضی میں بھی انہوں نے کئی مرتبہ عوام کو حیرت زدہ کیا ہے ۔ دسمبر 2021 میں غدر نے ارکان خاندان کے ساتھ یادادری مندر میں پوجا کرتے ہوئے میڈیا میں سرخیاں بٹورا تھا ۔ تب انہوں نے ریاست کے عوام کی خوشحالی کے لیے دعا کرنے کا دعویٰ کیا تھا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں جب دیویندر گوڑ وزیر داخلہ تھے تب اپریل 1997 میں ان پر نامعلوم افراد نے گولیاں چلائی تھی ۔ جس سے ان کے جسم میں کئی گولیاں پیوند ہوئی تھی۔ تمام گولیوں کو نکال دیا گیا تھا مگر زندگی کو لاحق خطرے کو محسوس کرتے ہوئے ایک گولی کو نہیں نکالا گیا تھا ۔ اس واقعہ کو دل میں رکھے بغیر انہوں نے سال 2018 میں ایک انتخابی جلسہ عام میں چندرا بابو نائیڈو سے بغلگیر ہوئے تھے ۔ اور عظیم اتحاد کی تائید کی تھی ۔ دیویندر گوڑ کے تلگو دیشم سے مستعفی ہو کر نئی پارٹی نوا تلنگانہ پارٹی تشکیل دینے پر ان کی مدد کی تھی ۔ سال 2018 میں غدر نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی ۔ اس کے بعد ان کے فرزند نے کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی کے لیے مقابلہ کیا تھا ۔ غدر کے گراونڈ میں پہونچنے پر بی جے پی کارکنوں نے ان کے ساتھ سلیفی لی ہے ۔ غدر نے کہا کہ وہ جلسہ عام میں مودی کا ملک کے لیے پیغام سننے کے لیے پہونچے ہیں ۔۔ ن