بی سی تحفظات بلز ،تاحال گورنر کی عدم منظوری

   

میونسپلٹی میں گرام پنچایتوں کی شمولیت کا بل منظور
سوشیل میڈیا میں غلط اطلاعات سے الجھن
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے حکومت کی جانب سے روانہ کردہ 4 بلز میں دو بلز کو منظوری دے دی ہے ۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں اسمبلی میں منظورہ بلز ابھی بھی گورنر کے پاس زیر التواء ہے ۔ گورنر نے جنارم میونسپلٹی میں گرام پنچایتوں کی شمولیت اور میونسپل ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ 50 فیصد تحفظات کی حد ختم کرنے سے متعلق بلز کو ابھی بھی زیر التواء رکھا ہے ۔ گورنر نے جن دو بلز کو منظوری دی ہے، اس کیلئے جلد ہی گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ سوشیل میڈیا کے بعض گوشوں میں یہ اطلاعات عام کردی گئی کہ گورنر نے بی سی تحفظات کے بلز کو منظوری دے دی ہے لیکن راج بھون نے ان اطلاعات کی تردید کی۔ ریاست میں گرام پنچایت ، منڈل ، ضلع پریشد اور مجالس مقامی کے انتخابات میں تحفظات کی 50 فیصد حد کو ختم کرتے ہوئے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے دو علحدہ ترمیمی بلز 2 ستمبر کو راج بھون روانہ کئے گئے ۔31 اگست کو اسمبلی اور یکم ستمبر کو کونسل میں بلز کو منظوری دی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے جنارم میونسپلٹی میں گرام پنچایتوں کی شمولیت اور میونسپل ایکٹ میں ترمیم سے متعلق دو بلز کو منظوری دی ہے ۔ واضح رہے کہ بی سی تحفظات سے متعلق بلز اور ایک آرڈیننس صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بی سی تحفظات سے متعلق بلز پر گورنر نے ماہرین قانون سے مشاور کی ہے تاہم منظوری یا صدر جمہوریہ کو روانہ کرنے کے بار ے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔1